تلنگانہ سی آئی ڈی نے آن لائن سٹے بازی نیٹ ورک بے نقاب کیا، افغان شہری سمیت 11 گرفتار
سی آئی ڈی کے اعلیٰ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف ریاستوں میں پھیلے جعلی بینک کھاتوں، فرضی کمپنیوں اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے والی ٹیموں کے پیچیدہ جال کے ذریعے کام کر رہا تھا۔
حیدرآباد : تلنگانہ کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے پیر کے روز ’ڈافابیٹ‘ نامی آن لائن سٹے بازی پلیٹ فارم سے جڑے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان میں گجرات کے دو اہم منتظمین اور ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔
سی آئی ڈی کے اعلیٰ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف ریاستوں میں پھیلے جعلی بینک کھاتوں، فرضی کمپنیوں اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے والی ٹیموں کے پیچیدہ جال کے ذریعے کام کر رہا تھا۔
تلنگانہ سی آئی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل چارو سنہا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت نے آن لائن سٹے بازی ایپس اور ان سے وابستہ دھوکہ دہی کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی، جس نے اس بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔
انہوں نے بتایا کہ کریم نگر کے ایک شہری کی شکایت کے بعد تحقیقات میں تیزی آئی، جس نے ڈافابیٹ پلیٹ فارم پر سٹے بازی کے دوران تقریباً 10 لاکھ روپے گنوا دیے تھے۔
چارو سنہا کے مطابق ڈافابیٹ کا آغاز 2004 میں فلپائن میں ہوا تھا، بعد ازاں اس کا آپریشن برطانیہ سے چلایا جانے لگا۔ اس معاملے میں گرفتار دو مرکزی منتظمین دہلی اور دبئی دونوں مقامات سے اپنے دفاتر چلا رہے تھے۔ ملزمان ہر مالی لین دین پر تقریباً ڈیڑھ فیصد کمیشن حاصل کرتے تھے، جس سے انہیں روزانہ آٹھ سے دس لاکھ روپے تک منافع ہوتا تھا۔
تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی نے 46 جعلی بینک کھاتوں سے جڑے مالی لین دین کی آٹھ مختلف سطحوں کا سراغ لگایا۔ ملزمان کی شناخت کے لیے موبائل فونز، ای میل اکاؤنٹس اور بینکنگ ریکارڈ کا فارنزک تجزیہ کیا گیا۔
چارو سنہا نے بتایا کہ اس پورے آپریشن میں تقریباً چھ ماہ کا عرصہ لگا۔ اس دوران سی آئی ڈی کی چھ خصوصی ٹیموں، جن میں تقریباً 40 اہلکار شامل تھے، نے گجرات، پنجاب اور دہلی میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمان مسلسل اپنے موبائل فون، سم کارڈ اور رہائش گاہیں تبدیل کرتے رہتے تھے، تاہم مسلسل نگرانی اور تکنیکی تحقیقات کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار افراد میں مرکزی منتظمین منیش سنگھ (24) اور ابھیشیک سنگھ (26) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے والے اجیت سنگھ (27)، وجے پاٹیدار (25)، یوگل پاٹیدار (25) اور پرتیک پروین بھائی (25)، نئی دہلی کے اگنیشیس داس (27) اور ابھیشیک واڈھوا (27)، افغان شہری محمد حلیم (24) اور پنجاب کے لو کمار اور سمرپریت سنگھ بھی گرفتار شدگان میں شامل ہیں۔
سی آئی ڈی کے مطابق ڈافابیٹ نیٹ ورک اور اس کے بین الریاستی و بین الاقوامی روابط کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں