شمال مشرق

ایک ہی محلے کے لاپتہ چار اسکولی طلبہ جھیل میں مردہ پائے گئے

اطلاعات کے مطابق، بچے ہفتہ کی دوپہر اپنے گھروں کے قریب ایک ساتھ کھیل رہے تھے، جس کے بعد وہ اچانک لاپتہ ہوگئے

چنئی :   کل دوپہر سے لاپتہ چار اسکولی طلبہ، جن میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل تھیں، اتوار کو مقامی تھیرونیرملائی جھیل، جسے پیریا ایری (بڑی جھیل) بھی کہا جاتا ہے، میں مردہ پائے گئے۔ چاروں کی لاشیں جھیل میں تیرتی ہوئی ملی تھیں۔

پولیس کو شبہ ہے کہ جھیل میں کھیلنے کے دوران کیچڑ میں پھنس جانے کے باعث بچے ڈوب گئے ہوں گے۔ پولیس کے مطابق، مرنے والوں کی شناخت کے دیودَرشن (12)، ڈی یوونیش (10)، پوجا (13) اور خوشی (13) کے طور پر ہوئی ہے۔

چاروں دوست اور پڑوسی تھے اور کروم پیٹ علاقے میں رہتے تھے۔ دیودَرشن ساتویں جماعت کا طالب علم تھا، جبکہ پوجا اور خوشی ایک سرکاری اسکول میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھیں۔ یوونیش چھٹی جماعت میں ایک نجی اسکول میں پڑھتا تھا۔

اطلاعات کے مطابق، بچے ہفتہ کی دوپہر اپنے گھروں کے قریب ایک ساتھ کھیل رہے تھے، جس کے بعد وہ اچانک لاپتہ ہوگئے۔ والدین، اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے ان کی تلاش کے لیے بھرپور کوشش کی اور مقامی واٹس ایپ گروپس میں ان کی تصاویر بھی شیئر کیں، لیکن بچوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔؎

لڑکوں کے والدین کی جانب سے گزشتہ رات دیر گئے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد کروم پیٹ پولیس نے انہیں تلاش کرنے کے لیے تامبرم، ایگمور اور چنئی سینٹرل ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ کیلَمباکم بس ٹرمینس کے متعلقہ حکام کو بھی اطلاع دی۔

رات بھر تلاش کے بعد اتوار کی صبح عوام کے بعض ارکان نے بچوں کی لاشیں تھیرونیرملائی جھیل میں تیرتی ہوئی دیکھیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو جھیل سے باہر نکالا۔ والدین کی جانب سے شناخت کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تامبرم ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ بچے جھیل تک کیسے پہنچے۔