جاسوسی کا الزام، سرکاری ملازم شکور خان گرفتار
سیکورٹی ایجنسیوں نے جیسلمیر میں ایک سرکاری ملازم کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم شکور خان‘ فی الحال منگالیہ ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفس میں کلرک کی حیثیت سے برسرکار ہے۔

جئے پور (آئی اے این ایس) سیکورٹی ایجنسیوں نے جیسلمیر میں ایک سرکاری ملازم کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم شکور خان‘ فی الحال منگالیہ ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفس میں کلرک کی حیثیت سے برسرکار ہے۔
اُس نے حال ہی میں ڈپارٹمنٹ سے اجازت لئے بغیر پاکستان کا سفر کیا تھا۔ قبل ازیں 2008ء میں وہ سابق وزیر صالح محمد کا پرسنل سکریٹری تھا جو پوکھران کے رکن اسمبلی تھے۔ اطلاعات کے مطابق حکام نے اس کے فون سے کئی پاکستانی فون نمبرس برآمد کئے ہیں۔
شکور خان یہ وضاحت نہیں کرسکا کہ یہ نمبرس اس کے فون میں کیسے آئے ہیں۔ اُس نے اِس بات کا بھی اعتراف کرلیا کہ حالیہ برسوں میں اس نے کم از کم 7مرتبہ پاکستان کا سفر کیا تھا۔ عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ انٹلیجنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی عملہ نے شکور خان کو ایمپلائمنٹ آفس سے حراست میں لیا اور پھر اس سے دورہ کے بارے میں پوچھ تاچھ شروع کردی۔
ذرائع نے اس بات کی توثیق کی کہ بروڈا گاؤں‘ منگالیہ کی دھانی کے ساکن شکور خان سے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔
مختلف ایجنسیاں اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے آپس میں اشتراک کررہی ہیں کیونکہ شکور خان کے فون پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے فون نمبر پائے گئے ہیں۔ آپریشن سندور کے بعد پورے ملک میں سیکورٹی میں اضافہ کے بیچ یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔