بین الاقوامی

حج پرواز کے حادثے کی افواہیں جھوٹی، حکومت کی سخت تردید

موریتانیہ کی حکومت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حجاج کرام کو لے جانے والی ایک موریتانیائی پرواز بحیرہ احمر (ریڈ سی) میں گر کر تباہ ہو گئی ہے۔

نئی دہلی: موریتانیہ کی حکومت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حجاج کرام کو لے جانے والی ایک موریتانیائی پرواز بحیرہ احمر (ریڈ سی) میں گر کر تباہ ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں
فیک نیوز، بی جے پی رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ کے خلاف کیس درج

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی خبروں میں کہا گیا تھا کہ "موریتانیہ کی حج پرواز ریڈ سی میں گر گئی: 210 حجاج کرام لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔” بعض غیر مصدقہ رپورٹس میں یہ تعداد 220 تک بتائی گئی اور کہا گیا کہ حادثہ موریتانیہ ایئرویز کی پرواز کے ساتھ پیش آیا ہے۔ ان خبروں کے ساتھ بعض تصویریں بھی شیئر کی گئیں جو بعد میں جعلی ثابت ہوئیں۔

موریتانیہ کی وزارتِ مذہبی امور کے شعبہ حج کے ڈائرکٹر، الوالی تہہ نے ان افواہوں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ملک کے تمام حجاج کرام خیریت کے ساتھ مقدس سرزمین پر پہنچ چکے ہیں اور کسی قسم کا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

اسی ضمن میں موریتانیہ ایئرلائنز نے بھی باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حج سیزن 2025 کے لیے تین پروازوں کے ذریعہ حجاج کرام کو سعودی عرب روانہ کیا گیا اور تمام پروازیں بحفاظت اور کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئیں۔ ایئرلائن نے واضح کیا کہ پروازوں کے دوران کوئی تکنیکی یا حفاظتی مسئلہ پیش نہیں آیا۔

موریتانیائی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں، اور صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔ ساتھ ہی، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔