تلنگانہ
تلنگانہ اور مختلف اضلاع میں شدید بارش کا امکان
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے
تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق سنگاریڈی، رنگا ریڈی، وقارآباد، نرمل، نظام آباد، بھدرادری کوتھاگوڈیم، ملوگو، نارائن پیٹ اور محبوب نگر اضلاع میں شدید نوعیت کے طوفانی بادل بن رہے ہیں، جن کے باعث بعض مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب میدک، میدچل، سدی پیٹ اور کاماریڈی اضلاع میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش یا بوندا باندی ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ کسانوں اور مسافروں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ بعض علاقوں میں اچانک تیز بارش اور آندھی معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔