میرے پاس کرنے کیلئے کئی بہتر کام ہیں: تھرور
کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بظاہر کانگریس لیڈر اُدت راج کو ہدف بناتے ہوئے تمام’جنونی عناصر‘ پر جوابی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائیوں میں ہندوستان کی بدلتی حکمت عملی سے متعلق ان کے بیان کو مفاداتِ پرست مقاصد کیلئے توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔

پنامہ (آئی اے این ایس) کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بظاہر کانگریس لیڈر اُدت راج کو ہدف بناتے ہوئے تمام’جنونی عناصر‘ پر جوابی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائیوں میں ہندوستان کی بدلتی حکمت عملی سے متعلق ان کے بیان کو مفاداتِ پرست مقاصد کیلئے توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔
ترواننتا پورم کے رکن پارلیمنٹ’آپریشن سندور‘ کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرانے ہندوستان کے بین الاقوامی رابطہ مشن پر پنامہ سے آئندہ منزل بوگوٹہ (کولمبیا) روانہ ہورہے تھے۔ انہوں نے ایکس پر کہا کہ وہ واضح طور پر صرف دہشت گردوں کے حملے کا سخت جواب دینے کے بارے میں بات کررہے تھے نہ کہ ماضی کی جنگوں کے بارے میں۔
کانگریس لیڈر اُدت راج اور پارٹی کے چند دیگر قائدین‘ تھرور کی جانب سے مودی کی دہشت گردی کے خلاف صفر تحمل پالیسی کی ستائش پر برہم ہوگئے اور انہوں نے تھرور پر طنز کرتے ہوئے انہیں بی جے پی کا ”سوپر ترجمان“ قرار دیا تھا۔ تھرور نے نام لئے بغیر کانگریس کے اپنے ساتھی کو جواب دیا اور ایکس پر لکھا ان تمام جنونی عناصر کے نام جو سرحد پار ہندوستان کی شجاعت کے بارے میں میری مبینہ لاعلمی کا تذکرہ کررہے ہیں۔
(انہیں یہ بتانا چاہتا ہوں) کہ میں واضح طور پر دہشت گرد حملوں کا سخت جواب دینے کے بارے میں بات کررہا تھا ماضی کی جنگوں کے بارے میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقدین اور ٹرولنگ کرنے ان کے خیالات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا چاہتے ہیں تو بے شک کریں‘ ان کے پاس کرنے کیلئے مزید بہتر کام ہیں۔