کھیل

حیدرآباد میں انڈیا-نیوزی لینڈ ون ڈے میچ، ٹکٹوں کی صرف آن لائن فروخت

حیدرآباد: پچھلی بار جب ایچ سی اے نے ایک بین الاقوامی کرکٹ میچ کی میزبانی کی تھی تو انہیں ایک تلخ تجربے سے گذرنا پڑا تھا۔ تاہم اس تجربے سے سیکھتے ہوئے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن نے ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں
محمد اسدالدین، یوتھ کانگریس کے چیرمین اسپورٹس سیل مقرر
جوبلی ہلز کے آزاد امیدوار نوین یادو، کانگریس امیدوار محمد اظہر الدین کے حق میں دستبردار
ایشان کو بھرت پر ترجیح دینا چاہئے:اظہرالدین
بابراعظم کو بطور کپتان مزید وقت ملناچاہئے:اظہر

ایچ سی اے کے صدر محمد اظہر الدین نے آج ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ چہارشنبہ 18 جنوری کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (آر جی آئی سی ایس) میں منعقد ہونے والے او ڈی آئی کے ٹکٹ جمعہ 13 جنوری سے پے ٹی ایم ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کئے جائیں گے۔

ٹکٹ صرف آن لائن فروخت کئے جائیں، ٹکٹوں کی آف لائن فروخت نہیں ہوگی۔

شہر حیدرآباد چار سال کے وقفے کے بعد ون ڈے میچ کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وہ اس موقع کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامات کر رہے ہیں، اظہر نے کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز کو 15 اور 18 جنوری کے درمیان صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ایل بی اسٹیڈیم اور گچی باؤلی اسٹیڈیم سے اپنے ٹکٹ کی ہارڈ کاپی حاصل کرنی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ کی خریداری کی تصدیق پر صارفین کو پے ٹی ایم سے ایک ایس ایم ایس اور ای میل موصول ہوگا جسے انہیں ٹکٹس کی ہارڈ کاپی حاصل کرنے کے لئے کاؤنٹرز پر اپنی تصویری شناخت کے ساتھ پیش کرنا ہوگا۔

ٹکٹ 13 اور 16 جنوری کے درمیان پے ٹی ایم پر دستیاب ہوں گے جبکہ حکام نے ٹکٹوں کی فروخت کے پہلے دن 6,000 ٹکٹیں دستیاب رکھی ہیں، اگلے دن سے 7000 ٹکٹیں دستیاب رہیں گی۔

اسٹیڈیم میں 39,112 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور 9,695 ٹکٹوں کو اعزازی ٹکٹوں کے طور پر الگ کرنے کے بعد 29,417 ٹکٹ کھلی خریداری کے لئے دستیاب ہوں گے۔

ٹکٹوں کی قیمت 850 روپے، 1000 روپے، 1250 روپے، 1500 روپے، 2500 روپے، 5000 روپے، 9000 روپے، 17700 روپے اور 20650 روپے ہے۔ ایک شخص زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹ خرید سکے گا۔

واضح رہے کہ ستمبر کے اوائل میں آر جی آئی سی ایس میں ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا  ٹی 20 بین الاقوامی میچ سے قبل آف لائن ٹکٹوں کی فروخت ایچ سی اے کے لئے ایک بڑی شرمندگی میں بدل گئی تھی جب جم خانہ گراؤنڈ میں بھگدڑ مچنے سے متعدد کرکٹ شائقین زخمی ہو گئے تھے جو ٹکٹ خریدنے وہاں پہنچے تھے۔ یہ ٹی ٹوینٹی میچ تین سال کے وقفے کے بعد حیدرآباد کے اسٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔