امریکہ و کینیڈا

کناڈا میں ہندوستانی نژاد شخص ‘کنگ’ 16 ملین ڈالر کی منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار

امریکی اٹارنی مارٹن ایسٹراڈا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسمگلنگ ریکیٹ میں منشیات فراہم کرنے والے میکسیکن کارٹیلز، بروکرز اور لاس اینجلس میں ڈسٹری بیوٹرز اور کینیڈا کے ٹرک ڈرائیور شامل ہیں۔

نیویارک: منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں ملوث تین ہندوستانی نژاد افراد کو کناڈا میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں امریکہ کے حوالے کیا جائے گا کیونکہ وہ کناڈا سے امریکہ میں یہ ڈرگس اسمگل کررہے تھے۔ 

متعلقہ خبریں
اسمارٹ فونس چوری کرنے والی ٹولی بے نقاب، 31ملزمین گرفتار
حیدرآباد میں راشن چاول کی بڑے پیمانہ پر اسمگلنگ: ٹاسک فورس کے کانسٹبل کی نگرانی میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری؟
بہار میں دیسی ساختہ پستول کی اسمگلنگ، طالبہ گرفتار

آیوش شرما، گرامرت سدھو اور سبھم کمار کو کینیڈین پولیس اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مشترکہ آپریشن ‘ڈیڈ ہینڈ’ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ وہ اس ہفتے کینیڈا میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے 10 افراد میں شامل ہیں۔

امریکی اٹارنی مارٹن ایسٹراڈا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسمگلنگ ریکیٹ میں منشیات فراہم کرنے والے میکسیکن کارٹیلز، بروکرز اور لاس اینجلس میں ڈسٹری بیوٹرز اور کینیڈا کے ٹرک ڈرائیور شامل ہیں۔

برامپٹن کے 25 سالہ آیوش اور کیلگری سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سبھم مبینہ طور پر ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔ وہ سرحد پار اسمگلنگ میں ملوث تھے جب کہ 60 سالہ گرامرت سدھو منشیات کی پوری نقل و حمل کی نگرانی کا ذمہ دار تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منشیات کے مقدمات میں گرفتار تمام 10 کو امریکہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

حکام نے مزید بتایا کہ گرامرت، میکسیکو اور لاس اینجلس سے تھوک کی بنیاد پر بھاری مقدار میں منشیات کی خریداری کرتا اور اسے کینیڈا پہنچانے کے لئے ایک ٹرکنگ نیٹ ورک کا استعمال کرتا تھا۔ مبینہ طور پر وہ اپنے ساتھیوں میں ‘کنگ’ کے نام سے جانا جاتا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کینیڈا کے "ہینڈلرز” اور "ڈسپیچرز” لاس اینجلس کے مختصر دورے کرتے تھے جہاں وہ کینیڈا جانے والے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہوئے میتھیمفیٹامائن اور کوکین کی منتقلی عمل میں لاتے تھے۔

حمل و نقل کے نیٹ ورک میں درجنوں ٹرکنگ کمپنیوں کے ڈرائیور شامل تھے جنہوں نے ڈیٹرائٹ ونڈسر ٹنل، بفیلو پیس برج اور بلیو واٹر برج کے ذریعہ کینیڈا۔امریکہ سرحد عبور کی۔

امریکی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اس گروہ نے تقریباً ایک کلو کوکین، 4 کلو گرام ہیروئن، 20 کلو گرام فینٹانیل اور 845 کلو گرام میتھمفیٹامائن اسمگل کی جس کی جملہ مالیت 16 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ پولیس نے موقع پر ہی ان سے 70 کلو گرام کوکین اور 4 کلو ہیروئن کے علاوہ تقریبا ایک ملین ڈالر نقدی بھی ضبط کی۔