انفوسس سی ایس آر اسکینڈل: چھ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے والا شخص گرفتار
کرناٹک میں بنگلورو پولیس نے انفوسس لمیٹڈ کے سینئر کارپوریٹ افسر کا روپ دھار کر اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی فنڈ دینے کا وعدہ کر کے ایک مقامی کمپنی سے تقریباً چھ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
بنگلورو: کرناٹک میں بنگلورو پولیس نے انفوسس لمیٹڈ کے سینئر کارپوریٹ افسر کا روپ دھار کر اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی فنڈ دینے کا وعدہ کر کے ایک مقامی کمپنی سے تقریباً چھ کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
حکام نے ہفتہ کے روز یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ ‘میسور مرکنٹائل کمپنی لمیٹڈ’ کے ایک افسر کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق، ملزم نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ انفوسس میں سی ایس آر کا علاقائی سربراہ ہے اور کمپنی کو یقین دلایا کہ اس کے ساتھی ‘ہیگوجے راجیو شیٹی چیریٹیبل ٹرسٹ’ کو سی ایس آر کے تحت بڑی رقم (گرانٹ) ملے گی۔
ملزم نے جعلی دستاویزات کا استعمال کیا، جن میں منظوری کے خطوط اور گرانٹ کے معاہدے شامل تھے، تاکہ ٹرسٹ کو اس بات پر راضی کیا جا سکے کہ وہ سی ایس آر فنڈ جاری ہونے کی شرط کے طور پر وینڈرز کو ‘بیعانہ رقم’ جمع کرائے۔
شکایت کنندہ کی جانب سے ادا کی گئی کل رقم تقریباً چھ کروڑ روپے تھی، جس میں ڈیمانڈ ڈرافٹ اور نقد ادائیگیاں شامل تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود کوئی سی ایس آر گرانٹ موصول نہیں ہوئی اور رقم ملنے کے بعد ملزم نے جواب دینا بند کر دیا۔
دیوناہلی پولیس نے ‘بھارتیہ نیاۓ سنہتا’ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے، جن میں کسی اور کا روپ دھار کر دھوکہ دہی کرنا، امانت میں خیانت اور جعلسازی جیسے جرائم شامل ہیں۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور اس گھپلے میں ملوث دیگر ممکنہ ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حکام ان دیگر افراد کے کردار کی بھی جانچ کر رہے ہیں جنہوں نے ٹرسٹ کی سرگرمیوں کی تصدیق کے بہانے مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا۔