ماسکو میں ایرانی نائب وزیر خارجہ کی حماس نمائندوں سے ملاقات
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امو رنے ماسکو میں حماس کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ روسی سرکاری نیوز ایجنسی تاس نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔

ماسکو: ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امو رنے ماسکو میں حماس کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ روسی سرکاری نیوز ایجنسی تاس نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔
ایران نے جمعرات کے دن اس میٹنگ میں لڑائی بندی اور غزہ کو انسانی امداد پر تبادلہ خیال کیا۔ امکان ہے کہ اسرائیل اس ملاقات کی مذمت کرے گا جس کی وزارت ِ خارجہ نے حماس کے نمائندوں کو مدعو کرنے کے روس کے فیصلہ پر تنقید کی اور اسے دہشت گردی کی تائید کی حرکت قراردیا۔ اس نے مطالبہ کیا کہ وفد کو روس سے نکال باہر کیا جائے۔
کریملن نے یہ کہتے ہوئے اس کا جواب دیا کہ ماسکو ضروری سمجھتا ہے کہ سبھی فریقین سے روابط رکھے جائیں۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ اور حماس کے وفد کا دورہ بتاتا ہے کہ روس کس طرح مشرقِ وسطیٰ جنگ میں پاور بروکر کی حیثیت سے اپنا رول منوانے کی کوشش کررہا ہے حالانکہ وہ یوکرین جنگ میں مصروف ہے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ روس‘ ایران اور حماس تینوں کے نمائندوں کی جمعرات کو ملاقات ہوئی یا نہیں۔ صدر ولادیمیر پوٹین کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ دورہ میں کریملن کا حماس سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
تاس نے اطلاع دی کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور علی باقری خوانی نے حماس وفد کے سربراہ ابومرزوق سے کہا کہ بات چیت میں تہران کی ترجیح فوری لڑائی بندی‘ عوام کو امداد کی فراہمی اور غزہ کی ظالمانہ ناکہ بندی کا خاتمہ ہے۔ جمعرات کے دن انہوں نے روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے بھی ملاقات کی جو مشرقِ وسطیٰ میں کریملن کے نمائندہ ہیں۔
روسی وزارت ِ خارجہ نے کہا کہ ان کی بات چیت غزہ میں لڑائی بندی کے خاتمہ اور فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی پر مرکوز رہی۔ پوٹین نے جاریہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ماسکو ثالث کا رول ادا کرسکتا ہے کیونکہ اسرائیل اور فلسطین دونوں سے اس کے دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی یہ شبہ نہیں کرسکتا کہ ہم کسی ایک فریق کا ساتھ دے رہے ہیں۔
سوویت یونین کے خاتمہ کے بعد سے روس اور اسرائیل نے اپنے تجارتی اور سیکوریٹی تعلقات کو کافی بڑھاوا دیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ایران نے روس کو اپنی ڈرون ٹکنالوجی دی ہے۔ بدلہ میں توقع ہے کہ ماسکو‘ ایران کو عصری لڑاکا طیارے اور دوسرا جدید سسٹم دے گا۔