کالی گنج ضمنی الیکشن، ترنمول کی علیفہ احمد کی شاندار جیت
مغربی بنگال کے حلقہ اسمبلی کالی گنج (ضلع ناڈیہ) کے ضمنی الیکشن میں ترنمول کانگریس امیدوار علیفہ احمد نے شاندار جیت درج کی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 23 راؤنڈ کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ان کی جیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے 49,755 ووٹوں کی مارجن سے جیت حاصل کی۔

کولکتہ (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کے حلقہ اسمبلی کالی گنج (ضلع ناڈیہ) کے ضمنی الیکشن میں ترنمول کانگریس امیدوار علیفہ احمد نے شاندار جیت درج کی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 23 راؤنڈ کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ان کی جیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے 49,755 ووٹوں کی مارجن سے جیت حاصل کی۔
انہیں 1 لاکھ 2 ہزار 179 ووٹ ملے جبکہ بی جے پی کے آشیش گھوش 52ہزار 424 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ بایاں بازو کے تائیدی کانگریس امیدوار قابل الدین شیخ نے 28 ہزار 262 ووٹ حاصل کئے۔ 2500 ووٹوں کے ساتھ نوٹاچوتھے نمبر پر رہا۔
ترنمول کانگریس امیدوار کو بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے جملہ ووٹوں سے زائد ووٹ ملے۔ توقع کے مطابق علیفہ احمد نے اپنے مرحوم باپ اور سابق رکن اسمبلی کالی گنج نصیرالدین احمدسے زائد ووٹ حاصل کئے۔ نصیرالدین احمد نے 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی الیکشن میں 45,987 ووٹوں کے مارجن سے جیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے بی جے پی کے ابھیجیت گھوش کو ہرایا تھا۔
نصیرالدین احمد جاریہ سال فروری میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی وجہ سے کالی گنج میں ضمنی الیکشن ہوا۔ کالی گنج مسلم اکثریتی حلقہ ہے۔ یہاں لگ بھگ 60 فیصد رائے دہندے مسلمان ہیں۔ 294 رکنی مغربی بنگال اسمبلی میں ترنمول کانگریس ارکان کی تعداد 227 ہے۔ بی جے پی کے 66 ارکان ہیں۔
ایک رکن اے آئی ایس ایف کا ہے۔ نئی دہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب ضمنی اسمبلی الیکشن میں عام آدمی پارٹی نے گجرات کے حلقہ وشوادر سے کامیابی حاصل کی۔ اس نے پنجاب میں لدھیانہ ویسٹ کی نشست برقرار رکھی جبکہ کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف نے کیرالا میں برسراقتدار ایل ڈی ایف سے نیلمبر کی نشست چھین لی۔