نشہ میں دھت شخص پولیس چوکی میں گھس گیا، ایس ایچ او کی ٹوپی پہن کر سرکاری کاغذات پھاڑ دئے (ویڈیو)
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت رنکو کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ واقعہ کے وقت وہ شدید نشہ کی حالت میں تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بغیر کپڑوں کے ویران پڑی پولیس چوکی میں داخل ہوا اور وہاں موجود چوکی انچارج کی کرسی پر بیٹھ کر خود کو افسر ظاہر کرنے لگا۔
ہاپوڑ: اتر پردیش کے ہاپوڑ ضلع میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں نشے میں دھت ایک شخص پولیس چوکی میں داخل ہوگیا، ایس ایچ او کی ٹوپی پہن کر افسر کی کرسی پر بیٹھ گیا اور سرکاری کاغذات پھاڑنے کے ساتھ چوکی میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت رنکو کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ واقعہ کے وقت وہ شدید نشہ کی حالت میں تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بغیر کپڑوں کے ویران پڑی پولیس چوکی میں داخل ہوا اور وہاں موجود چوکی انچارج کی کرسی پر بیٹھ کر خود کو افسر ظاہر کرنے لگا۔
عینی شاہدین کے مطابق رنکو نے میز پر رکھے اہم سرکاری دستاویزات پھاڑ دیے جبکہ کچھ کاغذات اپنی جیب میں رکھ لئے۔ اس کے بعد اس نے چوکی میں موجود گملوں اور بینچ کو بھی نقصان پہنچایا۔
مقامی افراد نے اسے روکنے کے بجائے چوکی کا دروازہ باہر سے بند کر دیا، جس پر اس نے زور دار گھونسا مار کر دروازے کے شیشے کو توڑ دیا۔ شیشہ ٹوٹنے سے وہ خود بھی زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر دیہات تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور کافی کوشش کے بعد ملزم کو قابو میں لیا۔ جب پولیس عہدیدار اسے علاج کے لیے اسپتال لے جا رہے تھے تو وہ کہہ رہا تھا، "میں تو سمجھدار آدمی ہوں بھائی، میں اپنی غلطی مان رہا ہوں۔”
دیہات تھانے کے ایس ایچ او پارس ملک کے مطابق پہلی نظر میں ملزم کسی نشہ آور مادے کے زیر اثر معلوم ہوتا ہے۔ اسے طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔