کرناٹک

کرناٹک: پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی قائدین کے گھروں پر دھاوے

این آئی اے نے بنگلورو کے رچمنڈ ٹاؤن میں پی ایف آئی کے قومی سکریٹری محمد ثاقب کے گھر کی تلاشی لی۔ پی ایف آئی کے سکریٹری افسر پاشا اور کرناٹک ریاستی صدر ناصر پاشا کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔

بنگلورو: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے کرناٹک میں پیپلز فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی)، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) اور مبینہ طور پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے افراد کے خلاف بنگلورو، گلبرگہ ، منگلورو، کوپالا، داونگیرے، میسور اور شیواموگا میں چھاپے مارے ہیں۔

این آئی اے نے بنگلورو کے رچمنڈ ٹاؤن میں پی ایف آئی کے قومی سکریٹری محمد ثاقب کے گھر کی تلاشی لی۔ پی ایف آئی کے سکریٹری افسر پاشا اور کرناٹک ریاستی صدر ناصر پاشا کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔

پی ایف آئی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے قومی، ریاستی اور مقامی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسٹیٹ کمیٹی کے دفتر پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہماری آواز کو دبانے کے لئے ایجنسیوں کے استعمال کی ہم شدید مخالفت کرتے ہیں۔

این آئی اے نے منگلورو میں ایس ڈی پی آئی اور پی ایف آئی کے ضلعی دفاتر میں تلاشی مہم چلائی۔ جنوبی کنڑ میں کلئی کے قریب عبدالقادر کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔ عبدل ایس ڈی پی آئی کے ضلع صدر ابوبکر کُلئی کے بھائی ہیں۔

کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا گیانیندر نے کہا کہ پولیس مذہب کی بنیاد پر کارروائی نہیں کرتی ہے اور ملک کے خلاف کام کرنے والے لوگ اقلیتیں ہیں تو پولیس کیا کر سکتی ہے۔ پولیس یہ دیکھ کر کارروائی نہیں کرتی کہ مجرم کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔

این آئی اے ذرائع نے بتایا کہ باجپے، جوکٹے، کاور اور کولائی میں ایس ڈی پی آئی اور پی ایف آئی لیڈروں کے کئی گھروں کی تلاشی مہم جاری ہے۔