رابڑی دیوی کے بعد لالو یادو سے 2 گھنٹے سی بی آئی پوچھ تاچھ
سی بی آئی نے ایک دن قبل پٹنہ میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی بیوی سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی سے تقریباً 5 گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔ لالو پرساد یادو گردہ کی پیوندکاری کے بعد جس اسپیشل روم میں کورنٹائن ہیں‘ اس کمرہ میں پوچھ تاچھ کی ساری کارروائی کی ویڈیو بنائی گئی۔
نئی دہلی: سی بی آئی نے منگل کے دن سابق وزیر ریلوے لالو پرساد یادو سے لینڈ فار جابس اسکام کے سلسلہ میں تقریباً 2 گھنٹے پوچھ تاچھ کی۔ الزام ہے کہ ریلوے میں نوکری کے لئے لوگوں نے یادو خاندان اور اس کے ساتھیوں کو زمینیں مفت دی تھیں یا کم قیمت پر فروخت کی تھیں۔
سی بی آئی نے ایک دن قبل پٹنہ میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی بیوی سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی سے تقریباً 5 گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔ لالو پرساد یادو گردہ کی پیوندکاری کے بعد جس اسپیشل روم میں کورنٹائن ہیں‘ اس کمرہ میں پوچھ تاچھ کی ساری کارروائی کی ویڈیو بنائی گئی۔
لالو پرساد یادو کو بعض کاغذات دکھائے گئے۔ عہدیداروں کے بموجب سی بی آئی عہدیداروں کی ٹیم 2 کاروں میں صبح 10:40 بجے کے آس پاس نئی دہلی میں انڈیا گیٹ کے قریب پنڈارہ پارک میں میسا بھارتی کے بنگلہ پر پہنچی۔ لالو پرساد یادو فی الحال اسی بنگلہ میں رہ رہے ہیں۔
سی بی آئی ٹیم لگ بھگ 12:55 بجے واپس گئی۔ لالو پرساد یادو اور ان کی بیوی سے پھر سی بی آئی پوچھ تاچھ پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی۔ لالو پرساد یادو کے لڑکے اور ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو نے سی بی آئی کی کارروائی کو ان کے خاندان کی طرف سے بی جے پی کی ”انتھک مخالفت“ کا نتیجہ قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کھلا راز ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں بی جے پی کے سیاسی مخالفین کے خلاف سرگرم ہیں۔ وہ بی جے پی کا ساتھ دینے والوں کی مدد کررہی ہیں۔ وزیر ریلوے کی حیثیت سے لالو پرساد یداو کو کچھ لے کر کسی کو نوکریاں دینے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے بھی مرکزی حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا اور کہا کہ بھگوا جماعت اپوزیشن کی آواز دبانا چاہتی ہے۔