لوک سبھا الیکشن نتائج کا کل اعلان، سارے انتظامات مکمل: سی ای سی راجیوکمار (ویڈیو)
2024کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان سے ایک دن قبل الیکشن کمیشن نے مانا کہ الیکشن ایسی شدت کی گرمی میں نہیں کرانا چاہئے تھا اور اس نے اس سے سبق سیکھ لیا ہے۔

نئی دہلی: 2024کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان سے ایک دن قبل الیکشن کمیشن نے مانا کہ الیکشن ایسی شدت کی گرمی میں نہیں کرانا چاہئے تھا اور اس نے اس سے سبق سیکھ لیا ہے۔
پیر کے دن نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مابعد الیکشن تشدد کی روک تھام کی بھی تیاری کرلی گئی ہے۔
کئی ریاستوں بشمول مغربی بنگال میں نیم فوجی دستے تعینات رہیں گے۔ یہ دستے ریاستی حکومتوں کے کنٹرول میں ہیں لیکن چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے امید ظاہر کی کہ ریاستی انتظامیہ کسی بھی تشدد کی روک تھام کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فارم 17C فراہم کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔
ووٹوں کی گنتی کے سارے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ پوسٹل بیالٹ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس کا طریقہ کار وہی ہوگا جو 2019 سے جاری ہے۔ پہلے انہیں گنا جائے گا۔ عام طورپر ان کی تعداد کم ہوتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اِس بار 64کروڑ 20لاکھ لوگوں نے ووٹ ڈالا۔ ان میں 34کروڑ عورتیں شامل ہیں۔
85 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں نے بھی ووٹ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی میں 70 تا 80لاکھ افراد کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پوسٹل بیالٹ کی گنتی شروع ہونے کے 30 منٹ بعد ای وی ایم سے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہوجائے گی۔
بیشتر بوتھس میں پوسٹل بیالٹس کافی کم ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کی گنتی جلد مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 64.2 کروڑ رائے دہندوں کے ساتھ ہندوستان کا ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مختلف میمس کے تعلق سے کہا کہ ہم کہیں بھی نہیں گئے‘ ہم ہمیشہ یہیں تھے۔وہ لاپتہ جنٹلمین کا حوالہ دے رہے تھے۔
یہ میمس حالیہ ڈرامہ لاپتہ لیڈیز کی بنیاد پر بنائی گئی تھی۔ مزاحیہ انداز میں انہوں نے کہا کہ اب لوگ سوشل میڈیا پر اس ٹیاگ لائن کے ساتھ میم دیکھیں گے کہ لاپتہ جنٹلمین واپس آگئے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہم کہیں بھی نہیں گئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ان کے 2نائبین موجود تھے۔ انتخابی عمل میں 1کروڑ سے زائد افراد کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ایک شعر پڑھا اور کہا کہ لوگ پھولوں کی باتیں کرتے ہیں‘ مالی کو کوئی یاد نہیں رکھتا۔