اسرائیل کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر مزائلس کی برسات
ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں آپریشن وعدہ صادق سوم بھرپور طریقہ سے جاری ہے اور تہران نے تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائلوں کی برسات کا اٹھارہواں مرحلہ مکمل کرلیا۔

تہران: ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں آپریشن وعدہ صادق سوم بھرپور طریقہ سے جاری ہے اور تہران نے تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائلوں کی برسات کا اٹھارہواں مرحلہ مکمل کرلیا۔
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کی جانب سے نئی کارروائیوں میں صہیونی فوجی مراکز، دو فضائی اڈے، دفاعی صنعتیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی‘رائٹر کے مطابق اسرائیل میں رات کو لگ بھگ 2:30 بجے صہیونی فوج نے ایران کی طرف سے آنے والے میزائلوں کے بارے میں اپنے عوام کو خبردار کیا اور وسطی اسرائیل کے کچھ حصوں بشمول تل ابیب کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارہ میں بھی فضائی حملہ کے سائرن بجنے لگے۔
ایران سے فائر کیے گئے میزائل وسطی اسرائیل کے علاقہ ڈین گش میں بھی گرے۔صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے تل ابیب کی طرف آنے والے تمام میزائلز کو ہوا میں ناکام بنا دیا۔ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا کہ ایران نے پانچ بیلسٹک میزائل داغے اور میزائل کے اثرات کے فوری طور پر کوئی اشارے نہیں ملے۔