سالگرہ پر سڑک پر آگ لگانے والے نوجوان کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت فہد خلیل شمس الدین شیخ کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشہ سے کار ڈیلر ہے۔ فہد نے اپنی 33 ویں سالگرہ کو "یادگار" بنانے کے لیے گورے گاؤں (ویسٹ) میں رام مندر روڈ پر پیٹرول کی مدد سے "33" کا ہندسہ لکھا۔
ممبئی: دورِ حاضر میں سوشل میڈیا پر سستی شہرت اور ‘لائیکس’ حاصل کرنے کا جنون نوجوانوں کے لیے وبالِ جان بنتا جا رہا ہے۔ ممبئی کے علاقے گورے گاؤں میں ایک 33 سالہ شخص کو اپنی سالگرہ کے موقع پر عوامی سڑک پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت فہد خلیل شمس الدین شیخ کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشہ سے کار ڈیلر ہے۔ فہد نے اپنی 33 ویں سالگرہ کو "یادگار” بنانے کے لیے گورے گاؤں (ویسٹ) میں رام مندر روڈ پر پیٹرول کی مدد سے "33” کا ہندسہ لکھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ: ملزم پہلے بڑے اطمینان سے سگریٹ جلاتا ہے۔ پھر ماچس کی تیلی سے سڑک پر موجود پیٹرول کو آگ لگا دیتا ہے۔
سڑک پر دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے بھڑک اٹھتے ہیں، جس کے بعد ملزم اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے فرار ہو جاتا ہے۔
ممبئی پولیس کو اس خطرناک اسٹنٹ کی اطلاع 25 اپریل کی رات ممبئی پولیس کمشنر کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) ہینڈل کے ذریعے ملی۔ شکایت ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔
گورے گاؤں پولیس اسٹیشن میں ملزم کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے۔
اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ گنجان آباد علاقے میں اس طرح پیٹرول کا استعمال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔ پولیس حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ عوامی مقامات پر ایسے خطرناک اسٹنٹس کرنا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ معصوم راہگیروں کی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔