جھوٹے اعلانات کرنے والی کانگریس پر کوئی بھی یقین نہیں کرے گا: ہریش راؤ
جھوٹے اعلانات کرنے والی کانگریس پر کوئی بھی یقین نہیں کرے گا۔ہریش راؤ نے پوچھا کہ ریاست میں 60برس تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس نے ریاست کو ترقی کیوں نہ دلائی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مقابلہ جیت اورجھوٹ کا ہوگا۔انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ کے عوام نے خود اعلان کیا ہے کہ چندرشیکھرراو تیسری بار وزیر اعلیٰ ہیں۔انہوں نے ریمارک کیاکہ حیدرآبادمیں ہونے والے اے آئی سی سی کے اجلاس میں کانگریس پارٹی جھوٹ کا سہارالے گی۔
جھوٹے اعلانات کرنے والی کانگریس پر کوئی بھی یقین نہیں کرے گا۔انہوں نے پوچھا کہ ریاست میں 60برس تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس نے ریاست کو ترقی کیوں نہ دلائی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی چندرشیکھرراو کی قیادت میں تلنگانہ ملک کیلئے مثالی ریاست بن گئی ہے۔
انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے والی بی آرایس پارٹی کو ایک مرتبہ پھر آشیرواد دیں۔وزیرموصوف نے سدی پیٹ زرعی مارکیٹ یارڈ میں سدی پیٹ اوردوباک حلقوں کے 7,200 ماہی گیروں میں شناختی کارڈ تقسیم کئے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لئے 2000 کروڑ روپئے خرچ کئے۔اس کی نظیر ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔
وزیر موصوف نے انکشاف کیا کہ کانگریس کے دور حکومت میں بعض تالابوں میں مچھلیاں سبسیڈی پر چھوڑی جاتی تھیں تاہم آج ریاست کے تمام تالابوں میں صد فیصد سبسڈی کے ساتھ چھوٹی مچھلیاں چھوڑی جارہی ہیں۔اس کے اعزاز چندرشیکھرراو حکومت کو حاصل ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی بی آر ایس کی ایک اور مرتبہ کامیابی کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ بی آرایس کی کامیابی سے ریاست کی ترقی نہیں رکے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ایس واحد حکومت ہے جو مچھلی، جھینگے اور بکروں کی مفت تقسیم کا کام کرتی ہے۔اس کی کوئی اور ریاست نظیر پیش نہیں کرسکتی۔