قومی

مودی حکومت نے الیکشن کمیشن کو ہائی جیک کرلیا : تیجسوی یادو

آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت نے الیکشن کمیشن جیسے دستوری اداروں کو ”ہائی جیک“ کرلیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار بی جے پی کو الیکشن شیڈول کا پتہ تواریخ کے اعلان سے پہلے چل جاتا ہے۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت نے الیکشن کمیشن جیسے دستوری اداروں کو ”ہائی جیک“ کرلیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار بی جے پی کو الیکشن شیڈول کا پتہ تواریخ کے اعلان سے پہلے چل جاتا ہے۔

سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ریاست میں پچھلا اسمبلی الیکشن (2020ء)منصفانہ نہیں تھا۔ انہوں نے مہاراشٹرا الیکشن کے تعلق سے راہول گاندھی کے شبہات کو درست ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اِس حقیقت کی تردید نہیں کرسکتا کہ مرکز میں 2014ء میں مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے تمام دستوری ادارے ہائی جیک کرلئے گئے۔

تعجب کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن کے اعلان سے قبل بی جے پی کے آئی ٹی سیل کو رائے دہی کی تاریخوں کا پتہ چل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صورتحال پر نظر رکھی ہے۔ تیجسوی یادو پٹنہ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دستوری اداروں کو آزادانہ کام کرنا چاہئے۔ اگر یہ ادارے کسی کے اثر و رسوخ میں آگئے تو عوام انصاف کی توقع کیسے کریں گے۔

لوگوں کو معلوم ہے کہ ریاست میں 2020ء کے اسمبلی الیکشن میں کیا ہوا۔ ہماری حکومت بننے والی تھی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یہ جائز ٹھہرانے کے لئے 3 پریس کانفرنسیں کیں کہ شام میں ووٹوں کی گنتی کیوں روکی گئی؟ رات میں ووٹوں کی گنتی کیوں بحا ل کی گئی؟ مہا گٹھ بندھن کے جن امیدواروں کو منتخب قرار دیا گیا تھا بعد میں اعلان ہوا کہ وہ الیکشن ہار گئے۔

کانگریس قائد راہول گاندھی نے حال میں الزام عائد کیا تھا کہ 2024ء کا مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن رگنگ کرکے جیتا گیا۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے ایک آرٹیکل میں الزام عائد کیا کہ مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن میں میچ فیکسنگ ہوئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار اسمبلی الیکشن میں بھی ایسا ہوسکتا ہے۔ یہ ہر اس ریاست میں ہوسکتا ہے جہاں بی جے پی ہار رہی ہو۔

آئی اے این ایس کے بموجب مہاگٹھ بندھن میں سیاسی بے چینی کا نیا دور شروع ہوگیا ہے۔ بہار میں کانگریس انچارج اے کرشنا نے کہا ہے کہ تیجسوی یادو مہاگٹھ بندھن کا امیدوارِ چیف منسٹری نہیں ہیں۔ وہ مہاگٹھ بندھن کی رابطہ کمیٹی کے صرف صدرنشین ہیں۔ اتوار کے دن میڈیا سے بات چیت میں آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے یہ کہتے ہوئے کشیدگی دور کرنے کی کوشش کی کہ کسی کو بھی پریشان ہونے یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

ہم بالکل نیا بہار بنائیں گے اور اس سمت میں کوششیں جاری ہیں۔ راہول گاندھی کے حالیہ دور بہار کے بعد اے کرشنا نے جو بات کہی تھی اس سے ریاست میں مہاگٹھ بندھن میں قیادت کے مسئلہ پر پھر بے چینی پیدا ہوگئی۔ آر جے ڈی قائد نے الیکشن میں رگنگ کے راہول گاندھی کے الزام کی تائید کی۔ انہوں نے کانگریس قائد کے متنازعہ ریمارکس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے بجااندیشہ ظاہر کیا ہے۔

الیکشن کمیشن جس طرح کام کررہا ہے اس سے یہ تشویش جائز ٹھہرتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی کارکردگی بی جے جے پی سیل جیسی ہے۔ ایسے میں سوال اٹھنا حق بجانب ہے۔ آر جے ڈی تیجسوی یادو کو بہار میں امیدوارِ چیف منسٹری کے طور پر پیش کررہی ہے۔ کانگریس قائدین کو اس پر پس و پیش ہے۔