کرناٹک

بنگلور میں اولا، اوبر اور ریاپیڈو آٹوز غیر قانونی، خدمات بند کرنے کا حکم

محکمہ کی نوٹس کے مطابق ان کمپنیوں کو اپنی آٹو سروسز کو جلد از جلد بند کرنا ہوگا جبکہ ٹیکسیوں میں مسافرین سے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کرایہ سے زیادہ چارج نہیں کرنا ہوگا۔

بنگلورو: کرناٹک کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے جمعرات کو اولا، اوبر اور ریاپیڈو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے آٹوز کو ’’غیر قانونی‘‘ قرار دیا ہے اور حکم دیا ہے کہ اندرون تین دن آٹو خدمات بند کردی جائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ احکام جاری کرتے ہوئے کرناٹک کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے تینوں کمپنیوں سے ایک رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متعدد مسافروں نے اولا اور اوبر کے خلاف ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ سے شکایت کی تھی کہ اگر فاصلہ دو کلومیٹر سے بھی کم ہو تو وہ کم از کم 100 روپے وصول کررہے ہیں۔ بنگلورو میں آٹو کا کم از کم کرایہ پہلے 2 کلومیٹر کے لئے 30 روپے اور اس کے بعد ہر کلومیٹر کے لئے 15 روپے مقرر کیا گیا تھا۔

محکمہ کی نوٹس کے مطابق ان کمپنیوں کو اپنی آٹو سروسز کو جلد از جلد بند کرنا ہوگا جبکہ ٹیکسیوں میں مسافرین سے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کرایہ سے زیادہ چارج نہیں کرنا ہوگا۔ محکمہ نے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

اسی دوران ٹرانسپورٹ کمشنر ٹی ایچ ایم کمار نے کہا ہے کہ انہوں نے ان کمپنیوں کو کرناٹک آن ڈیمانڈ ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی ایگریگیٹرز رولز، 2016 کے تحت صرف ٹیکسیاں چلانے کے لئے لائسنس جاری کئے ہیں۔ یہ قوانین آٹوز پر لاگو نہیں ہوتے۔