جے پی سی کے آئندہ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے اپوزیشن کا فیصلہ
جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے صدرنشین جگدمبیکا پال کے طرزعمل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ترنمول کانگریس ایم پی کلیان بنرجی نے آج یہاں بتایا کہ جے پی سی کے اپوزیشن ارکان نے آئندہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جو 9 نومبر کو ہونے والا ہے۔
کولکتہ (پی ٹی آئی) جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے صدرنشین جگدمبیکا پال کے طرزعمل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ترنمول کانگریس ایم پی کلیان بنرجی نے آج یہاں بتایا کہ جے پی سی کے اپوزیشن ارکان نے آئندہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جو 9 نومبر کو ہونے والا ہے۔
کلیان بنرجی نے جو کہ وقف ترمیمی بل سے متعلق جے پی سی کے رکن بھی ہیں‘ بتایا کہ جے پی سی کے صدرنشین نے گوہاٹی‘ بھوبنیشور‘ کولکتہ‘ پٹنہ اور لکھنو کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز 9 نومبر سے ہونے والا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جے پی سی کے تمام اپوزیشن ارکان نے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ صدرنشین کا رویہ یکطرفہ اور نامناسب ہوتا جارہا ہے۔ بنرجی نے یہاں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ پریس کانفرنس کو پارٹی کے ایم پی ندیم الحق نے بھی مخاطب کیا۔
یہ کانفرنس یہاں پریس کلب میں منعقد ہوئی تھی۔ انہو ں نے کہا کہ لائحہ عمل کا فیصلہ اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے مشترکہ طورپر کیا جائے گا۔
بنرجی نے کہا کہ جے پی سی کے اپوزیشن ارکان نے 5 نومبر کو لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کرکے صدرنشین کے رویہ سے واقف کروایاتھا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے اپوزیشن کے مطالبات پر غور کرنے سے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں صدرنشین سے بات کریں گے لیکن اس کے کوئی ثمرآور نتائج تاحال برآمد نہیں ہوئے۔