وزیر اعظم مودی، محبوب نگر میں 13 ہزار 500 کروڑ کے پراجکٹوں کا آغاز کریں گے
حکومت کی جانب سے ہوائی اڈے پر تلنگانہ کے وزیر تلسانی سری نواس یادو، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران، چیف سکریٹری شانتی کماری اور ڈی جی پی انجنی کمار نے ان کا استقبال کیا۔
حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ میں 13,500 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے لئے تین گھنٹے کے دورے پر اتوار کو نئی دہلی سے خصوصی پرواز کے ذریعہ شمش آباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آر جی آئی اے) پہنچے۔
حکومت کی جانب سے ہوائی اڈے پر تلنگانہ کے وزیر تلسانی سری نواس یادو، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران، چیف سکریٹری شانتی کماری اور ڈی جی پی انجنی کمار نے ان کا استقبال کیا۔
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک بار پھر مودی کے استقبال کے لئے ہوائی اڈے پر موجود نہیں تھے۔ جب بھی وزیراعظم ریاست کا دورہ کرتے ہیں تو ان کے استقبال سے کے سی آر خود کو دور رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے محبوب نگر کے لیے روانہ ہوگئے۔ دریں اثنا، تلنگانہ کی گورنر تملائی سؤندرراجن محبوب نگر کے ہیلی پیڈ پر وزیراعظم کا استقبال کریں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس مسٹر مودی نے کہا کہ میں محبوب نگر میں 13 ہزار 500 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی کاموں کے آغاز اور سنگ بنیاد رکھنے کے لئے پرجوش ہوں۔ یہ کام مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں جن میں سڑکیں، رابطے، توانائی، ریلوے اور دیگر شامل ہیں۔ تلنگانہ کے عوام کو ان کاموں سے بہت فائدہ ہوگا۔