یوروپ

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری

شمالی لندن میں احتجاجی ریلی میں شریک مظاہرین اسرائیلی سفیر کے گھر کے سامنے پہنچ گئے۔ اس موقع پر "فلسطین آزاد کرو" کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔

لندن / ملبورن: شمالی لندن میں احتجاجی ریلی میں شریک مظاہرین اسرائیلی سفیر کے گھر کے سامنے پہنچ گئے۔ اس موقع پر "فلسطین آزاد کرو” کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔

متعلقہ خبریں
حماس قائد اسمٰعیل ھنیہ، جنگ بندی بات چیت کے بعد مصر سے روانہ
امریکی وزیر خارجہ کی شاہ اردن عبداللہ دوم سے ملاقات

ادھر سوئیڈن میں بھی احتجاج ہوا۔ اسٹاک ہوم میں فلسطینی پرچم تھامے سیکڑوں افراد نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اسپین میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی ہسپانوی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔

شرکا نے اسرائیلی فوج کی سفاکیت کے شکار غزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کیا۔دوسری جانب غزہ کے خان یونس شہر کے وسطی اور شمالی حصوں میں اسرائیلی کی بمباری جاری ہے۔ شمالی غزہ میں جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 14 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں دو گھروں کو نشانہ بنایا۔خان یونس میں الجزیرہ ٹی وی کے شہید کیمرا مین کی تدفین کردی گئی۔ اسرائیلی حملے میں زخمی الجزیرہ کے بیورو چیف وائل دہدوح نے اسرائیلی حملوں کے باوجود کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسرائیلی فوج نے شجاعیہ میں 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو غلطی سے خطرہ سمجھ کر ہلاک کرنے کا اعتراف کرلیا۔

وائٹ ہاؤس نے آپریشن کو ”افسوسناک غلطی“ قرار دے دیا۔ادھر حماس کا کہنا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں سے بھرے مکان کو دھماکے سے اڑادیا ہے، حملے میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے۔

اسرائیلی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔عالمی دباؤ پر اسرائیل نے غزہ تک امدادی سامان کی رسائی کیلیے عارضی طور پر کیرم شیلوم سرحدی راہداری کھولنے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل امدادی سامان مصر کے ساتھ رفح بارڈر سے داخل ہوتا تھا۔علحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق مظاہرین نے اسٹیٹ لائبریری سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا اور غزہ میں اسرائیلی جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق احتجاج کے شرکاء نے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں مسلسل دسویں اتوار فلسطین کی حمایت میں احتجاج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ممالک میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جا چکا ہے۔

a3w
a3w