ایل پی جی سلنڈر کی ڈیلیوری میں معمولی تاخیر، جانئے اب کتنے دن میں پہنچے گا آپ کے گھر گیس سلنڈر
وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں اب سلنڈر کی ڈلیوری میں تھوڑا زیادہ وقت لگ رہا ہے۔
نئی دہلی: ملک میں ایل پی جی گیس کی سپلائی کو لے کر حالیہ دنوں میں کچھ تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ خلیجی ممالک میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے باعث سپلائی چین پر معمولی اثر پڑا ہے، تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ گیس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کے باوجود سلنڈر کی ڈلیوری میں کچھ تاخیر ضرور ہو رہی ہے۔
وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں اب سلنڈر کی ڈلیوری میں تھوڑا زیادہ وقت لگ رہا ہے۔
جہاں پہلے گیس سلنڈر 2 سے 3 دن کے اندر گھر پہنچ جاتا تھا، اب اس میں 4 سے 5 دن لگ سکتے ہیں، یعنی صارفین کو تقریباً 2 دن کی اضافی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈلیوری کے عمل کو محفوظ بنانے کے لیے اب او ٹی پی یعنی ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم لازمی کر دیا گیا ہے۔ صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنا او ٹی پی صرف ڈلیوری بوائے کو ہی بتائیں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
ڈلیوری میں تاخیر کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے سجاتا شرما نے کہا کہ اس کی اصل وجہ گیس کی کمی نہیں بلکہ صارفین کی جانب سے کی جانے والی "پینک بکنگ” ہے۔
حالیہ دنوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کئی لوگ سلنڈر ختم ہونے سے پہلے ہی بکنگ کر رہے ہیں، جس کے باعث بکنگ میں تقریباً 60 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافی دباؤ کی وجہ سے سپلائی سسٹم متاثر ہو رہا ہے اور ڈلیوری میں تاخیر ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ صورتحال عارضی ہے اور جلد ہی نظام معمول پر آ جائے گا، جس کے بعد ڈلیوری کا وقت بھی پہلے کی طرح کم ہو جائے گا۔