بین الاقوامی

چاند کے سفر کا پہلا مرحلہ، آرٹیمس 1 کی کامیاب لانچنگ

آرٹیمس 1 راکٹ کی اونچائی ایک32  منزلہ عمارت جتنی بلند ہے۔ اسے خلائی لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے امریکی وقت کے مطابق منگل اور چہارشنبہ کی درمیان شب 1:47 بجے لانچ کیا گیا۔

فلوریڈا: ناسا نے چہارشنبہ کے روز چاند کے سفر پر اب تک کا سب سے طاقتور راکٹ لانچ کردیا ہے۔ تیز روشنی اور زبردست آواز کے ساتھ پیچھے مہیب آگ پھینکتے ہوئے آرٹیمس 1 راکٹ آج سطح زمین سے خلا کی جانب بلند ہوا اور چاند کے سفر پر روانہ ہوگیا۔  

آرٹیمس، امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے ذریعہ 2025 تک انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔

آرٹیمس 1 راکٹ کی اونچائی ایک 32 منزلہ عمارت جتنی بلند ہے۔ اسے خلائی لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے امریکی وقت کے مطابق منگل اور چہارشنبہ کی درمیان شب 1:47 بجے لانچ کیا گیا۔

آرٹیمس راکٹ کے بلند ہوتے ہی ناسا نے ٹویٹ کیا، ’’ہم جا رہے ہیں۔‘‘

راکٹ کے اوپری حصے میں اورین خلائی جہاز ہے جو زمین کے قریب ترین پڑوسی چاند کے مدار کا ایک مکمل اور ایک نصف چکر لگائے گا۔

امریکہ نے آخری بار 1969-1972 کے دوران اپولو مشن کے ذریعہ چاند پر خلاباز بھیجے تھے۔ اس بار ناسا امید کررہا ہے کہ چاند پر انسانوں کی مستقل موجودگی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ مریخ کے حتمی مشن کی تیاری میں مدد ملے۔ چاند پر ایک مستقل قمری خلائی اسٹیشن کا قیام اس منصوبہ میں شامل ہے۔

آرٹیمس 1 کی لانچنگ تکنیکی مسائل کے باوجود کامیابی کے ساتھ ہوئی۔ منگل کی رات ایک والوو لیک ہونے کی وجہ سے انجینئرز کو بنیادی مرحلے میں مائع ہائیڈروجن کے بہاؤ کو روکنے پر مجبور ہونا پڑا، لانچ پیڈ پر بھیجی گئی ایک ٹیم نے ایک گھنٹے میں یہ مسئلہ حل کر دیا۔

تکنیکی وجوہات کی بنا پر لانچ کی دو پچھلی کوششیں ملتوی ہوئی تھیں، تاہم تیسری مرتبہ ناسا نے کامیاب کوشش کے ذریعہ اسے آج چاند کے سفر پر روانہ کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ راکٹ کے اوپر ملحق اورین کیپسول، راکٹ لانچنگ کے چند منٹوں بعد علیحدہ ہوگیا اور اب وہ چاند کے مدار کی طرف محو سفر ہے۔ اسے اپنی منزل تک پہنچنے میں کئی دن لگیں گے۔

چاند پر اترنے کے بجائے، یہ اس کے مدار کا ڈیڑھ چکر مکمل کرے گا۔ اس کے بعد وہ (اورین خلائی جہاز) واپسی کے سفر کا آغاز کرے گا۔ یہ مشن ساڑھے 25 دن تک جاری رہے گا اور امکان ہے کہ 11 دسمبر کو بحر الکاہل میں اس کی کریش لینڈنگ ہوگی۔

ناسا نے آرٹیمس مشن کے لئے 90 بلین ڈالر مختص کئے ہیں۔ آرٹیمس 2 کو 2024 میں خلاء بازوں کے ساتھ چاند کی طرف روانہ کیا جائے گا مگر یہ چاند پر نہیں اترے گا بلکہ وہ اس کا چکر لگاکر واپس آجائے گا جبکہ 2025 میں بھیجا جانے والا آرٹیمیس 3 چاند کی سرزمین پر اترے گا اور 1969 کے بعد پہلی بار چاند کی سطح پر انسانی قدم پڑیں گے۔

آرٹیمس 1 نے چاند کے سفر پر روانہ ہوتے ہوئے کرہ ارض کی خوبصورت متحرک تصاویر بھی بھیجی ہیں جنہیں آپ بالا ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔