بھارت

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگٹریس کا دورہ ہند

اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیوگٹریس منگل سے ہندوستان کا سرکاری دورہ شروع کریں گے۔ وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیوگٹریس منگل سے ہندوستان کا سرکاری دورہ شروع کریں گے۔ وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی۔

جنوری 2022میں اپنے عہدہ کی دوسری میعاد شروع کرنے کے بعد سے اقوام متحدہ سکریٹری جنرل کا یہ پہلا دورہ ہند ہوگا۔ وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ انٹونیوگٹریس18تا20اکتوبر2022 ہندوستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

انہوں نے اپنی پہلی میعاد میں یکم تا4۔ اکتوبر2018 ہندوستان کا دورہ کیاتھا۔ وہ ممبئی کی تاج محل پیلس ہوٹل میں 26/11 دہشت گرد حملوں کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے دورہ کا آغاز کریں گے۔

یو این آئی کے بموجب وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) ممبئی میں ‘ہندوستان اقوام متحدہ شراکت داری: جنوبی افریقہ تعاون’ کے موضوع پر لیکچر دیں گے۔ گٹریس 20 اکتوبر کو گجرات کے کیواڑیہ یعنی ایکتا نگر میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔

گٹریس‘ وزیر اعظم کے ساتھ ایک تقریب میں مشن لائف کتابچہ، لوگو اور ٹیگ لائن جاری کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مودی نے نومبر2021 میں گلاسگو میں مشن لائف کا اعلان کیا تھا۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر گٹریس کے ساتھ عالمی تشویش کے مسائل پر دو طرفہ بات چیت کریں گے، جس میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کے موثر کردار، جی 20 کی صدارت اور کثیرالجہتی میں اصلاحات وغیرہ موضوع شامل ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گجرات میں موڈھیرا سوریہ مندر اور کچھ ترقیاتی منصوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔