جامع مسجد جگتیال میں اصلاح معاشرہ اور وقف ایکٹ بیداری مہم کا کامیاب انعقاد
اس جلسے کی صدارت حضرت مولانا سیّد مظہر القاسمی نقشبندی (صدر جمیعۃالعلماء ضلع جگتیال) نے کی، جبکہ اس کی نگرانی حافظ خواجہ عقیل صاحب (صدر سٹی جمیعۃالعلماء جگتیال) نے کی۔

حیدرآباد: جمیعۃالعلماء تلنگانہ و آندھرا کے زیر اہتمام اور سٹی جمیعۃالعلماء ضلع جگتیال کے زیر انتظام 9 ستمبر بروز پیر بعد نمازِ مغرب جامع مسجد جگتیال میں جلسہ اصلاح معاشرہ و وقف ایکٹ بیداری مہم کا کامیاب انعقاد ہوا۔
اس جلسے کی صدارت حضرت مولانا سیّد مظہر القاسمی نقشبندی (صدر جمیعۃالعلماء ضلع جگتیال) نے کی، جبکہ اس کی نگرانی حافظ خواجہ عقیل صاحب (صدر سٹی جمیعۃالعلماء جگتیال) نے کی۔
اس موقع پر حضرت مولانا پیر شبیر احمد صاحب (صدر جمیعۃالعلماء تلنگانہ و آندھرا) زیر سرپرستی موجود رہے۔ جلسے کے مہمان خصوصی حضرت مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب مبلغ دارالعلوم دیوبند تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں سورہ النحل کی آیت نمبر 90 کی تفصیل بیان کی اور مسلمانوں کو اس پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
حضرت مولانا سیّد مظہر القاسمی نقشبندی صاحب نے اپنے خطاب میں جمیعۃالعلماء کی جمہوریت کے دائرہ میں رہ کر انصاف کی لڑائی لڑنے کی اہمیت پر زور دیا اور جمیعۃالعلماء کے کارناموں کو اجاگر کیا۔ جلسے کی کارروائی خادم جمیعۃالعلماء مولانا محمد عاطف اسعدی صاحب نے چلائی، جبکہ حافظ سید شمس الدین تبریز صاحب (جنرل سیکرٹری سٹی جمیعۃالعلماء جگتیال) نے اظہار تشکر کیا۔
اس پروگرام کو علاقے کے عوام کی جانب سے بھرپور حمایت ملی اور اسے کامیاب قرار دیا گیا۔