نونیت رانا کے تبصروں پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا سخت اعتراض
چیف منسٹر نے کہا میں مودی اور امیت شاہ سے جاننا چاہتا ہوں کہ کیا آپ اس کے تبصروں کی حمایت کرتے ہیں؟انہوں نے کہا ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بی جے پی نونیت رانا کے تبصرہ کی مذمت کرتی اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے معطل کر دیتی۔

حیدرآباد: بی جے پی لیڈر نونیت رانا کے تبصروں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے پارٹی مہم کے ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے، بی جے پی لیڈر نے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی اور ان کے بھائی اکبر الدین اویسی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ”اگر پولیس کو 15 سکنڈ کے لیے ہٹا دیا گیا تو بھائیوں کو پتہ نہیں چلے گا کہ وہ کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے ہیں۔
نونیت رانا کے ریمارکس پر اعتراض کرتے ہوئے، چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی لیڈر کے تبصروں پر اپنا موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔
چیف منسٹر نے کہا میں مودی اور امیت شاہ سے جاننا چاہتا ہوں کہ کیا آپ اس کے تبصروں کی حمایت کرتے ہیں؟انہوں نے کہا ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بی جے پی نونیت رانا کے تبصرہ کی مذمت کرتی اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے معطل کر دیتی۔
چیف منسٹر نے عوام سے بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کا شکار نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے رہی ہے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے امن وامان کی فضا مکدر کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، امن و ہم آہنگی کے لیے جانا جاتا ہے لیکن بی جے پی شہر کے سیکولر تانے بانے کو خراب کرنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت حیدرآباد کو ایک عالمی شہر کے طور پر ترقی دے گی۔