دہلی

ہندوستانی طلبہ کے ویزا کی منسوخی جئے شنکر سے کانگریس کا سوال

کانگریس نے جمعہ کے دن امریکی ایمگریشن وکیلوں کی انجمن کے اس دعوے پر تشویش ظاہرکی کہ بین الاقوامی طلبہ کے 327 ویزا کی منسوخی کی جو درخواستیں ملی ہیں ان میں 50فیصد ہندوستانیوں کی ہیں۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس نے جمعہ کے دن امریکی ایمگریشن وکیلوں کی انجمن کے اس دعوے پر تشویش ظاہرکی کہ بین الاقوامی طلبہ کے 327 ویزا کی منسوخی کی جو درخواستیں ملی ہیں ان میں 50فیصد ہندوستانیوں کی ہیں۔

پارٹی نے وزیرخارجہ ایس جئے شنکر سے سوال کیاکہ آیا وہ یہ مسئلہ اپنے امریکی ہم منصب سے اٹھائیں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ایکس پر امریکی ایمگریشن وکیلوں کی انجمن کا صحافتی بیان شیئر کیا اور کہا کہ یہ ہندوستان میں ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن میں طلبہ کی جو327 درخواستیں جمع کیں ان میں 50 فیصد ہندوستانیوں کی ہیں۔ ویزا کی منسوخی کی وجہ واضح نہیں ہے۔ خوف اور اندیشہ بڑھتا جارہا ہے۔ آیا وزیرخارجہ جئے شنکراس کا نوٹ لیں گے اور اپنے امریکی ہم منصب کو تشویش سے آگاہ کریں گے۔

جئے رام رمیش نے جئے شنکر کو ٹیاگ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ امریکی ایمگریشن وکیلوں کی انجمن نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ اور ایمگریشن وکسٹمس جارحانہ طور پر بین الاقوامی طلبہ کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ایسے طلبہ بھی زد میں آرہے ہیں جنہوں نے کبھی کوئی احتجاج نہیں کیا۔ چینی طلبہ کا تناسب 14 فیصد ہے۔