اللہ کی مخلوق سے بہتر سلوک ضروری: تنظیم "ورک” کا جلسہ تقسیم اسناد، تنویر احمد خان اور پروفیسر زرینہ سلطانہ کا خطاب
ورلڈ آرگنائزیشن آف ریلیجنس اینڈ نالج (ورک) تلنگانہ چپٹر کے زیر اہتمام طلباء وطالبات میں دینی شعور تازہ رکھنے کے لیے سیرت کے مختلف موضوعات پر سیرت نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

حیدرآباد: ورلڈ آرگنائزیشن آف ریلیجنس اینڈ نالج (ورک) تلنگانہ چپٹر کے زیر اہتمام طلباء وطالبات میں دینی شعور تازہ رکھنے کے لیے سیرت کے مختلف موضوعات پر سیرت نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ مقابلے کے شرکاء کی ہمت افزائی کے لیے انہیں توصیفی سرٹیفکیٹس اور مہمانوں کو مومنٹوز پیش کیے گئے، اور شال پوشی کی گئی۔ یہ تقریب چوائس فنکشن ہال، چندرائن گٹہ میں منعقد ہوئی۔
"ورک” تلنگانہ چپٹر کے صدر جناب تنویر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے عامۃ المسلمین اور دیگر اقوام کو واقف کرانا ہماری تنظیم کا مقصد ہے، کیونکہ حضور نبی کریم ﷺ ہی ساری انسانیت کے لیے راہ نجات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور ڈگریوں کے حصول کے ساتھ ساتھ ادب اور اخلاق انتہائی ضروری ہیں، اور یہ آداب و اخلاق ہمیں سیرت النبی ﷺ سے ہی ملتے ہیں۔ انہوں نے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ نمازوں اور روزوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن پاک بھی کریں، اور اپنے تمام معاملات کو سنت کے مطابق ڈھالیں۔
پروفیسر زرینہ سلطانہ نے "ورک” کی فلاحی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرپرستوں کو چاہیے کہ وہ اپنی لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے طلباء کو ملی کام کرنے کا جذبہ پیدا کرنے پر زور دیا اور کرکٹر سراج اور دیگر جدوجہد کرنے والوں کی مثال دی جنہوں نے محنت سے اپنے ملک کا نام روشن کیا۔
جناب عبدالکریم کھولانی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ ساری انسانیت کے لیے راہ نجات ہیں اور انہوں نے انفرادی و اجتماعی اور معاشرتی زندگی کے آداب بیان کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصیبتوں پر صبر کرنا، آزمائشوں پر ثابت قدم رہنا، اور اللہ کے دین کی اشاعت میں حصہ لینا ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔
محترمہ شاداں مسعود، ورک ویمن ونگ تلنگانہ کی ہیڈ نے کہا کہ سیرت نمائش کا مقصد یہی تھا کہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات لوگوں تک پہنچائی جائیں۔ محترمہ فرحانہ پروین نے سماج میں پھیلتی جارہی خرابیوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تقاریب میں فضول خرچی بڑھ رہی ہے، جس پر روک لگانا بے حد ضروری ہے۔
جناب مشتاق ہاشمی نے بتایا کہ "ورک” سے تمام مذاہب کے لوگ وابستہ ہیں اور ہم اپنے آپ کو ہندوستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ جناب فہیم شریف نے کہا کہ تنظیم "ورک” کے تمام کام اخلاص کی بنیاد پر انجام دیے جاتے ہیں۔
جلسہ کی کارروائی عظمیٰ باجی اور صفیہ باجی نے چلائی۔ اس تقریب میں مرد و خواتین کی بھاری تعداد نے شرکت کی اور مہمانوں و معاونین کو مومنٹوز پیش کیے گئے۔ طلباء وطالبات کو توصیفی اسناد دیے گئے۔