حیدرآباد

نئے سکریٹریٹ کی عمارت کا پونگل تہوار کے بعد افتتاح متوقع

تمام طرح کے کام متوازی طورپر جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق اس عمارت کی گنبدوں کے کام بھی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں۔دو بڑے گنبدوں کے کنکریٹ کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ان پر قومی نشان بھی لگائے گئے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے نئے سکریٹریٹ کی عمارت کا پونگل تہوار کے بعد افتتاح متوقع ہے۔سنکرانتی تہوار کے بعد اس نئی عمارت کے افتتاح کے لئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی ہدایت کے مطابق کاموں کی تیز تر تکمیل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس عصری اور جدید سہولتوں سے لیس سکریٹریٹ کی عمارت کی گنبدوں پر قومی نشان بھی لگائے جارہے ہیں۔ دستور کے معمار ڈاکٹر بی آرامبیڈکر کے نام سے تیار کی جارہی اس سکریٹریٹ کی عمارت کے تعمیری کام سمجھاجاتا ہے کہ آخری مراحل میں ہیں۔

مزدور تین شفٹوں میں کام کررہے ہیں تاکہ جلد از جلد اس عمارت کو تیار کیاجاسکے۔عمارت کے تمام سیول کام مکمل ہوگئے ہیں جبکہ داخلی کام اوردیگر کام جاری ہیں۔

تمام طرح کے کام متوازی طورپر جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق اس عمارت کی گنبدوں کے کام بھی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں۔دو بڑے گنبدوں کے کنکریٹ کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ان پر قومی نشان بھی لگائے گئے ہیں۔

بڑے بڑے کرینس کی مدد سے یہ قومی نشان گنبدوں پر لگائے گئے ہیں۔ان نشانات کا وزن پانچ ٹن ہے۔اس سکریٹریٹ میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے دفترکے کاموں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

فرش کے کاموں کے لئے خصوصی ماربلس کا استعمال کیاجارہا ہے اوردیگر بقیہ کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔اس عمارت کی تعمیر کی تکمیل کے لئے وزیراعلی کی جانب سے دی گئی مہلت کے مطابق ہی ان کاموں کی تکمیل کیلئے تیز تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔سکریٹریٹ میں مسجد، مندر کے کام بھی تیزرفتاری کے ساتھ جاری ہیں۔ان کاموں کی بھی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔