جنتا کے سروے پر اعتماد کریں، سرکاری اگزٹ پولس پر نہیں: ملیکارجن کھرگے
کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک جماعتوں کو لوک سبھا انتخابات میں 295 سے زائد نشستیں ملیں گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام کے فیڈبیاک کے بعد ہم اس فیگر پر پہنچے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کے دن کہا کہ انڈیا بلاک جماعتوں کو لوک سبھا انتخابات میں 295 سے زائد نشستیں ملیں گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام کے فیڈبیاک کے بعد ہم اس فیگر پر پہنچے ہیں۔
نئی دہلی میں اپنے بنگلہ میں اپوزیشن بلاک کے اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انڈیا بلاک قائدین کی بیٹھک دو تا ڈھائی گھنٹے جاری رہی جس میں کئی امور خاص طورپر ووٹوں کی گنتی کے دن برتی جانے والی احتیاط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بی جے پی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری اکزٹ پولس کے ذریعہ ایک بیانیہ دینے کی کوشش کررہی ہے اور ہم جنتا کو سچ بتانا چاہتے ہیں۔ انڈیا بلاک کو 295 سے زائد نشستیں ملیں گی۔ ہم اپنے تمام قائدین سے بات چیت کے بعد اس فیگر پر پہنچے ہیں۔ کانگریس قائد نے کہا کہ یہ جنتا کا سروے ہے۔
عوام نے یہ جانکاری ہمارے قائدین کو دی ہے۔ سرکاری سروے جاری ہیں اور سرکار کے میڈیا متر (دوست) اعدادوشمار بڑھاچڑھاکردکھارہے ہیں لہٰذا ہم عوام کو حقیقت بتانا چاہتے ہیں۔ اسی دوران انڈیا بلاک کے سینئر قائدین کی نئی دہلی میں آج میٹنگ ہوئی تاکہ 4جون کو ووٹوں کی گنتی کے لئے اپنی حکمت ِ عملی وضع کی جائے۔
ٹی ایم سی اور پی ڈی پی نے شرکت نہیں کی۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کے بنگلہ میں ہفتہ کی دوپہر کانگریس‘ سماج وادی پارٹی‘ سی پی آئی ایم‘ سی پی آئی‘ ڈی ایم کے‘ جے ایم ایم‘ اے اے پی‘ آرجے ڈی‘ شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی(شردپوار) کے سینئر قائدین کی بیٹھک ہوئی۔ آج لوک سبھا الیکشن کے ساتویں اور آخری مرحلہ کی پولنگ کے ساتھ عام انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا۔
ٹی ایم سی سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ وہ آج نئی دہلی نہیں آپائیں گی کیونکہ ان کی ریاست میں پولنگ ہورہی ہے جبکہ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے نجی وجوہات پر میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔
انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ میں نئی دہلی نہیں جاپاؤں گی کیونکہ میری امی کی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے اپوزیشن قائدین میں شردپوار‘ اکھلیش یادو‘ تیجسوی یادو‘ انیل دیسائی‘ سیتارام یچوری‘ اروند کجریوال‘ بھگونت مان‘ سنجے سنگھ‘ راگھو چڈھا‘ چمپئی سورین‘ کلپنا سورین‘ ٹی آر بالو‘ فاروق عبداللہ‘ ڈی راجہ اور مکیش ساہنی شامل ہیں۔
کانگریس قائدین ملیکارجن کھرگے‘ سونیا گاندھی‘ راہول گاندھی اور کے سی وینوگوپال بھی موجود تھے۔ ڈی ایم کے سربراہ اور ٹاملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ 4 جون کو ہندوستان کے لئے نئی صبح شروع ہوگی۔
آج کے انڈیا بلاک اجلاس میں ڈی ایم کے کی نمائندگی ہمارے پارٹی خازن اور قائد ڈی ایم کے پارلیمانی پارٹی ٹی آر بالو کریں گے۔ کھرگے نے قبل ازیں کہا تھا کہ یہ میٹنگ غیررسمی نوعیت کی ہے جس میں اس پر تبادلہ خیال ہوگا کہ ووٹوں کی گنتی کے دن کیسی تیاری کرنی چاہئے اور لوگوں کو کیسے الرٹ رہنا چاہئے‘ چاہے وہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا معاملہ ہو یا فارم 17C کے استعمال کا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ کا تعلق صرف ووٹوں کی گنتی کی تیاریوں سے رہے گا اور کانگریس اپنے ریاستی یونٹس کو فارم 17Cکے تعلق سے پہلے ہی الرٹ کرچکی ہے۔