شہنشاہ اکبر عظیم نہیں تھے، مینابازار کا تصور دیا تھا۔ اسکولوں میں حجاب کی اجازت نہیں: وزیر تعلیم
راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے جمعرات کے روز کہا کہ شہنشاہ اکبر عظیم نہیں تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شہنشاہ نے مینابازار کا تصور بھی پیش کیا تھا اور خواتین کا انتخاب کرتے تھے۔

جئے پور: راجستھان کے وزیر تعلیم مدن دلاور نے جمعرات کے روز کہا کہ شہنشاہ اکبر عظیم نہیں تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شہنشاہ نے مینابازار کا تصور بھی پیش کیا تھا اور خواتین کا انتخاب کرتے تھے۔
ایسے کام کرنے کے بعد بھی وہ (اکبر) کس طرح عظیم ہوسکتے ہیں۔ اکبر قطعی عظیم نہیں تھے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اسکولی نصاب کی بعض کتابوں میں چندرشیکھر آزاد اور بھگت سنگھ کا ”دہشت گردوں“ کے طورپر حوالہ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محب وطن افراد کو دہشت گردوں کے طورپر پڑھایا جائے توہمارے بچوں کے ذہن پر منفی اثر مرتب ہوگا۔ ان چیزوں کو درست کرنے کے لئے تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
آئندہ سے تمام طلبا کو ایک ہی یونیفارم پہننا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت‘ حجاب کی مخالف نہیں ہے۔ حجاب پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ہمارے ملک میں کوئی بھی فردکسی بھی قسم کا لباس پہن سکتا ہے لیکن طلبا کو مقررہ اسکول یونیفارم میں ہی اسکول میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
اگر کسی طالب علم کو اس پر کوئی اعتراض ہے تو وہ کسی اور اسکول کو جاسکتا ہے یا جاسکتی ہے جہاں یونیفارم کی ڈھیل دی جاتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال راجستھان میں این سی ای آر ٹی کا نصاب ِ تعلیم نافذ نہیں کیا گیا ہے۔ میں نصاب ِ تعلیم میں تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہوں لیکن جہاں بھی کوئی متنازعہ حصہ ہو یا ہمارے آباواجداد کے بارے میں کوئی گمراہ کن معلومات ہوں تو ان حصوں کو نصاب سے حذف کیا جانا چاہئے۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ 14 فروری کو والنٹائن ڈے‘ یوم ِ پترو پوجا کے طورپر منایا جائے گا۔ صرف 14 دن باقی ہیں ہمیں جلد ازجلد تمام انتظامات کرنے ہوں گے۔