انٹرٹینمنٹ

وکرم گھوکھلے کی موت کی تردید

ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر، ڈاکٹر دھننجے کیلکرنے سینئر اداکار کے انتقال کی افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ یہ سچ نہیں ہے۔

پونے: سینئر اداکار وکرم گوکھلے کے انتقال کی خبروں کی ارکان خاندان نے تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی بالی ووڈ کے کئی بڑے اداکاروں نے ٹویٹر پر تعزیت پیش کی تھی جبکہ کئی میڈیا رپورٹس میں بھی ان کی موت کی اطلاع دی گئی تھی۔  

وہ پچھلے کچھ دنوں سے ممبئی کے دینا ناتھ منگیشکر ہاسپٹل میں شریک ہیں۔ اب ان کی حالت میں سست رفتاری سے بہتری آرہی ہے جبکہ ڈاکٹرس نے ان کی حالت کو مستحکم بتایا ہے۔ تاہم وہ ہنوز وینٹی لیٹر پر ہیں اور آئندہ 48 گھنٹے مسلسل ڈاکٹرس کی نگرانی میں رہیں گے جس کے بعد ممکنہ طور پر وینٹی لیٹر ہٹادیا جائے گا۔

دینا ناتھ منگیشکر ہاسپٹل کے پی آر او شریش یادگیکر نے وکرم گوکھلے کی حالت سے میڈیا کو واقف کرایا۔

انہوں نے بتایا کہ اداکار وکرم گوکھلے کی صحت میں بہتری آ رہی ہے، آہستہ لیکن مستحکم بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ وہ آنکھیں کھول رہے ہیں، اپنے اعضاء کو حرکت دے رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اگلے 48 گھنٹوں میں وینٹی لیٹر سپورٹ سے دور ہو جائیں گے۔ ان کا بلڈ پریشر اور دل کی حالت مستحکم ہے۔

ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر، ڈاکٹر دھننجے کیلکرنے سینئر اداکار کے انتقال کی افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ یہ سچ نہیں ہے۔

دوسری طرف، گوکھلے کی بیٹی نے بتایا کہ ان کے والد کی حالت اب بھی نازک ہے اور وہ لائف سپورٹ پر ہیں۔ ان کے لئے دعا کرتے رہیں۔

وکرم گوکھلے نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 26 سال کی عمر میں 1971 میں امیتابھ بچن کی فلم پروانہ سے کیا تھا۔