مہاراشٹرا

داؤد ابراہیم کا سراغ دینے پر 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان

این آئی اے نے ان کے بارے میں ایسی معلومات طلب کی ہیں جن کے نتیجہ میں ان کی گرفتاری عمل میں آسکتی ہے۔ ایجنسی نے فروری میں ڈی کمپنی کے خلاف ایک کیس درج کیا تھا۔

ممبئی: قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے مفرور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی گرفتاری کا سبب بننے والی معلومات فراہم کرنے پر 25 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ داؤد 1993 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکے کیس کا کلیدی ملزم ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی شکیل شیخ عرف چھوٹا شکیل کی گرفتاری پر بھی 20لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے اور اس کے ساتھیوں حاجی انیس عرف انیس ابراہیم شیخ‘ جاوید پٹیل عرف جاوید چکنا  اور ابراہیم مشتاق عبدالرزاق میمن عرف ٹائیگر میمن کی گرفتاری پر 15‘ 15لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

 یہ تمام 1993 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکے کیس میں مطلوب ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ این آئی اے نے ان کے بارے میں ایسی معلومات طلب کی ہیں جن کے نتیجہ میں ان کی گرفتاری عمل میں آسکتی ہے۔ ایجنسی نے فروری میں ڈی کمپنی کے خلاف ایک کیس درج کیا تھا۔

 اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قراردیا گیا داؤد ابراہیم کاسکر ایک بین الاقوامی دہشت گردی نیٹ ورک چلاتا ہے جس کا نام ڈی کمپنی ہے۔ اس کے قریبی ساتھیوں میں انیس ابراہیم شیخ‘ چھوٹا شکیل‘ جاوید چکنا‘ ٹائیگر میمن اور دیگر شامل ہیں۔ این آئی اے نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔