آر سی پی سنگھ کو جنتادل (یو) کی نوٹس وجہ نمائی
پارٹی نے آر سی پی سنگھ سے کہا کہ وہ واضح کریں کہ ان کے اور ان کی لڑکیوں سہرسہ کی سپرنٹنڈنٹ پولیس لیپی سنگھ اور لتا سنگھ اور دیگر ارکان خاندان کے نام پر 58 پلاٹ کیسے رجسٹر ہوئے۔
پٹنہ: صدر جنتادل یو بہار یونٹ اومیش کشواہا نے ہفتہ کے دن اپنی پارٹی کے قائد آر سی پی سنگھ کو نوٹس وجہ نمائی جاری کی کیونکہ 2013 تا 2022 ان کے اور ان کے ارکان خاندان کے نام پر رجسٹرڈغیرمنقولہ جائیدادوں میں اونچ نیچ پائی گئی۔
انہوں نے اراضی کی خریداری کے لئے ان کے ذرائع آمدنی جاننا چاہا۔ نالندہ میں پارٹی کے 2 ارکان کی شکایت پر یہ نوٹس جاری ہوئی جنہوں نے آر سی پی سنگھ پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کئے تھے۔
پارٹی نے آر سی پی سنگھ سے کہا کہ وہ واضح کریں کہ ان کے اور ان کی لڑکیوں سہرسہ کی سپرنٹنڈنٹ پولیس لیپی سنگھ اور لتا سنگھ اور دیگر ارکان خاندان کے نام پر 58 پلاٹ کیسے رجسٹر ہوئے۔ آر سی پی سنگھ بحیثیت سرکاری عہدیدار نتیش کمار کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
وہ 2 مرتبہ رکن راجیہ سبھا اور ایک مرتبہ پارٹی کے قومی صدر رہے۔ مرکزی حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ کشواہا نے نوٹس میں لکھا کہ ہمارے قائد نتیش کمار کرپشن کو بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل کرتے ہیں۔ اس پر انہوں نے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اپنی طویل پبلک لائف میں نتیش بابو نے کوئی جائیداد نہیں خریدی۔
پارٹی آپ سے بھی یہی توقع رکھتی ہے۔ آپ کو چاہئے کہ ہر نکتہ کا جواب دیں۔ 12 پلاٹ اسلام پور بلاک کے موضع سیف آباد اور 12 پلاٹ کیولی بلاک میں رجسٹر ہوئے۔ 33پلاٹ موضعشیرپور مالتی میں رجسٹر ہوئے۔ ایک پلاٹ محمد پور میں رجسٹر ہوا۔
مرکزی کابینہ سے مستعفی ہونے کے بعد آر سی پی سنگھ نے بہار کے کئی حصوں میں جلسے کئے تھے جن میں ان کے بعض حامیوں نے انہیں بہار کا مستقبل کا چیف منسٹر بتایا تھا جو پارٹی قیادت کو ناگوار گزرا۔