اب تلنگانہ اسکولوں میں یوگا اور دھیان ہوگا

مودی اوریوگی حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی آرایس حکومت نے تلنگانہ ریاست میں اسکولی بچوں کے روزمرہ کے معمولات میں یوگا کو شامل کردیاہے۔

حیدرآباد: مودی اوریوگی حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی آرایس حکومت نے تلنگانہ ریاست میں اسکولی بچوں کے روزمرہ کے معمولات میں یوگا کو شامل کردیاہے۔

اسکولوں کیلئے جاری کردہ شیڈول کے مطابق روزانہ اسکول اسمبلی یافوری بعد کلاس روم میں 5منٹ یوگا اوردھیان (مراقبہ) ہوگا۔

سوال یہ پیداہوتاہے کہ اسکولوں میں کس مذہب کی تعلیمات کے مطابق دھیان یا مراقبہ کروایا جائے گا۔

آیا یہ اس بات کا اشارہ تونہیں ہے کہ بی آرایس حکومت بھی نرم ہندوتواکی طرف چل پڑی ہے۔تلنگانہ میں 12 جون سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں آئے گی۔

اس ضمن میں محکمہ تعلیمات کی جانب سے تعلیمی سال 2023-24 کے لئے شیڈول (تعلیمی کیلنڈر) جاری کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق 12 جون 2023 کو تعلیمی اداروں کی کشادگی اور 24 اپریل 2024 تعلیمی سال 2023-24 کا آخری دن ہوگا۔

2023-24 کے دوران جملہ 229 روز اسکولس کھلے رہیں گے۔ جنوری 2024 تک بشمول ایس ایس سی تمام جماعتوں کے نصاب کو مکمل کرلیا جائے گا۔ مارچ 2024 میں ایس ایس سی امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔

تعلیمی سال کے دوران روزانہ 5 منٹ یوگا اور روحانیت پر توجہ دی جائے گی۔ 14 تا 25 اکتوبر وجئے دشمی کیلئے تعطیلات ہونگی۔ 12 تا 17 جنوری سنکرانتی کے تعطیلات رہیں گے۔

امتحانات کا شیڈول اس طرح ہے‘ ایف اے 1 امتحان کا آغاز 31 جولائی سے ہوگا۔

ایف اے 2 امتحان 30 ستمبر سے ایس اے 1 امتحان 5 اکتوبر سے‘ ایف اے 3 امتحان 14 دسمبر سے‘ دہم جماعت ایف اے 4 امتحان 29 جنوری 2024 سے اور اول تا نہم کیلئے 2 فروری سے ہوگا جبکہ جماعت ا ول تا نہم کیلئے 8 تا 18 اپریل تک ایس اے II امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ 24اپریل تا 11 جون 2024 سالانہ تعطیلات رہیں گی۔