اویناش ریڈی کو قبل از گرفتاری مشروط ضمانت منظور
تلنگانہ ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز اے پی کے سابق وزیر وائی ایس وویکا نندا قتل کیس میں کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ وائی ایس اویناش ریڈی کو قبل از وقت گرفتاری کی مشروط ضمانت دے دی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز اے پی کے سابق وزیر وائی ایس وویکا نندا قتل کیس میں کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ وائی ایس اویناش ریڈی کو قبل از وقت گرفتاری کی مشروط ضمانت دے دی ہے۔
جسٹس ایم لکشمن جنہوں نے گذشتہ ہفتہ درخواست قبل از وقت ضمانت پر فریقین کی بحث کی سماعت مکمل کرلی تھی، نے آج فیصلہ سنایا اور جسٹس لکشمن نے اویناش ریڈی کی قبل از وقت ضمانت کی درخواست کو چند شرائط کے ساتھ منظوری دے دی۔
عدالت نے ایم پی کو حکم دیا ہے کہ وہ سی بی آئی سے قبل از وقت اجازت کے بغیر بیرونی ملک نہ جائیں۔ درخواست گزار کو استغاثہ کے گواہوں پر اثر انداز ہونے اورثبوتوں کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے اویناش ریڈی کو تحقیقات میں تعاون کرنے اور انہیں ہر ہفتہ کو10بجے دن سے5بجے شام تک سی بی آئی پولیس کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔ جون کے اختتام تک جب کبھی سی بی آئی طلب کرے، انہیں ایجنسی کے سامنے حاضر ہونا پڑے گا۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ سی بی آئی اگر درخواست گزار (اویناش ریڈی) کو گرفتار بھی کرتی ہے تو 5،5لاکھ روپے کی 2شخصی سیورٹیز(ضمانت) پر انہیں ضمانت پر رہا کرنا چاہئے۔ سی بی آئی اور وویکا نندا ریڈی کی بیٹی سنیتا ریڈی کے وکلانے اویناش ریڈی کی قبل ازوقت ضمانت کی منظوری کی مخالفت کی۔