کھیل

بابر‘ ویراٹ سے بہترین بلے باز : ثقلین

پاکستانی کپتان بابراعظم اور ہندوستان کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی کے بارے میں اکثر یہ بحث ہوتی رہتی ہے کہ دونوں کے درمیان بہتر بلے باز کون ہے؟

دبئی: پاکستانی کپتان بابراعظم اور ہندوستان کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی کے بارے میں اکثر یہ بحث ہوتی رہتی ہے کہ دونوں کے درمیان بہتر بلے باز کون ہے؟

ایشیا کپ کی بات کریں تو بھلے ہی ٹیم انڈیا فائنل میں جگہ نہ بناسکی، لیکن اس ایشیا کپ میں ویراٹ کوہلی کی فارم میں واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابر کیلئے یہ ٹورنامنٹ اب تک مایوس کن رہا ہے اور وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کے باوجود ان دونوں کا موازنہ ہوتا رہتاہے۔

اس بار پاکستان کے کوچ ثقلین مشتاق نے ان کے مقابلے کے حوالے سے اپنا ردعمل دیاہے۔ اسپورٹس کیڈا سے بات کرتے ہوئے جب ثقلین سے ان دونوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بابر کا انتخاب کیا لیکن ساتھ ہی ویراٹ کوہلی کیلئے خصوصی پیغام بھی دیا۔

انہوں نے کہاکہ بظاہر میں بابر کہوں گا لیکن ویراٹ میرے دل کے قریب ہیں۔ اس سے قبل سری لنکن لیجنڈ سے بھی یہی سوال پوچھا گیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے ویراٹ کوہلی کا نام لیا۔ انہوں نے کہاکہ میں ویراٹ کوہلی کو پسند کرتا ہوں۔ وہ میرے بیٹے کا پسندیدہ کھلاڑی بھی ہے۔

ایشیا کپ سے پہلے کوہلی کی فارم کو لیکر کافی چرچے ہوئے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل یہ ان کا آخری موقع بتایا جارہا تھا لیکن ایشیا کپ میں ان کے بلے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین سال کی خشک سالی بھی ختم کردی۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف سوپر 4 میچ میں 61 گیندوں پر 122 رنز بناکر شائقین کا طویل انتظار ختم کردیا۔

ان کی سنچری لگاتار دو نصف سنچریوں کے بعد آئی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کا بہترین اسکور بھی ہے۔ اس سنچری کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے سابق عظیم کھلاڑی رکی پانٹنگ کی بھی برابری کرلی ہے اور اب وہ جملہ سنچریوں کے لحاظ سے سچن کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیاء کپ کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔