بی جے پی پر یوم نجات تقاریب سے نفرت کا ماحول فروغ دینے کاالزام :ریونت ریڈی
انہوں نے سوال کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کوگزشتہ 8سال سے 17 ستمبرکویوم نجات تقاریب منعقد کرنے کا خیال کیوں نہیں آیا؟

حیدرآباد: صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہاہے کہ بی جے پی 17ستمبر کویوم نجات تقاریب منعقد کرکے ریاست میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے جس کا مقصد منگوڈضمنی انتخابات سے قبل سیاسی فائدہ حاصل کرناہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کوگزشتہ 8سال سے 17 ستمبرکویوم نجات تقاریب منعقد کرنے کا خیال کیوں نہیں آیا؟ریونت ریڈی جو آج اندرا بھون میں منگوڈضمنی انتخابات‘ بھارت جوڑویاترا اور 17ستمبر کو انضمام حیدرآباد کی تقاریب کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس نے نہ صرف ملک کوانگریزوں سے آزادی دلائی بلکہ راجارجواڑوں اور شاہی حکمرانوں کی ریاستوں کوانڈین یونین میں ضم کرتے ہوئے ہندوستان کومتحدکیا۔
آج بی جے پی اورٹی آرایس جن کا ملک کی آزادی اور انضمام حیدرآبادکے وقت کوئی وجود نہیں تھا‘ کانگریس کے اس پروگرام کوہائی جیک کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرناچاہتے ہیں اوران تقاریب کے نام پر تلنگانہ کے عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں تاہم کانگریس پارٹی بی جے پی اور ٹی آرایس کی ناپاک کوششوں کوکبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔
بھارت جوڑویاترا سے متعلق ریڈی نے کہاکہ راہول گاندھی کی یاترا 24 اکتوبر کو تلنگانہ میں داخل ہوگی اور یاترا 15 دنوں تک ریاست میں 350 کیلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے براہ مدنور مہارشٹرا میں داخل ہوگی۔تلنگانہ کانگریس کی جانب سے یاترا کا زبردست استقبال کیاجائے گااور یاترا کو کامیاب بنانے تین اہم جلسے منعقد کئے جائیں گے۔
یاتراکی کامیابی سے بی جے پی بوکھلاہٹ کاشکارہوگئی ہے اور یاترا کوبدنام کرنے گمراہ کن مہم کاسہارالے رہی ہے۔ منگوڈاسمبلی ضمنی انتخابات سے متعلق ریونت ریڈی نے کہاکہ پارٹی امیدوارکی کامیابی کے لئے حلقہ کے تمام8منڈلس پرسینئر قائدین کوانچارج مقرر کردیاگیا۔ حلقہ کے 300 پولنگ بوتھ سطح پر نگرانی کے لئے 150 قائدین کوذمہ داری سونپی جائے گی۔
18 ستمبر سے منگوڈمیں تمام منڈلس کی سطح پر باقاعدہ انتخابی مہم کاآغاز کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اورٹی آرایس منگوڈ میں اپنی کامیابی کیلئے دولت کابے دریغ استعمال کرئے گی۔
انہوں نے کانگریس قائدین کوہدایت دی کہ وہ پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لئے سخت جدوجہد کریں۔ اجلاس سے اتم کمارریڈی‘ انچارج کانگریس مانیکم ٹیگور‘انجن کماریادو‘محمدعلی شبیر‘دامودرراج نرسمہا ودیگر قائدین نے مخاطب کیا۔