جے ای ای مین نتائج کا اعلان۔ تلنگانہ کے 4 ٹاپرس شامل
انجینئرنگ انٹرنس امتحان جے ای ای۔ مین میں جس کے نتائج کا پیر کے دن اعلان کیا گیا‘ 14 امیدواروں نے پرفیکٹ 100 نشانات اسکور کئے ہیں۔
نئی دہلی: انجینئرنگ انٹرنس امتحان جے ای ای۔ مین میں جس کے نتائج کا پیر کے دن اعلان کیا گیا‘ 14 امیدواروں نے پرفیکٹ 100 نشانات اسکور کئے ہیں۔
نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے یہ بات بتائی۔ جے ای ای مین 2022 فرسٹ ایڈیشن میں ٹاپ اسکور کرنے والے طلبا میں زیادہ کا تعلق تلنگانہ (4) سے ہے۔ اس کے بعد آندھراپردیش (3) کا نمبر ہے۔
تلنگانہ کے ٹاپ اسکوررس کے نام جاستی وشواناتھ وی وی ایس‘ روپیش بیانی‘ انیکیت چٹوپادھیائے اور دھیرج کروکونڈا ہیں۔ آندھراپردیش کے ٹاپ اسکوررس میں کویایانا سہاس‘ پینیکل پاٹی روی کشور اور پولی شیٹی کارتیکیا شامل ہیں۔
100 اسکور کرنے والے دیگر امیدواروں میں سارتک مہیشوری (ہریانہ)‘ کوشاگرا سریواستو (جھارکھنڈ)‘ مرینال گرگ (پنجاب)‘ اسنیہا پاریک (آسام)‘ نویا (راجستھان)‘ بویاہرشن ساتویک (کرناٹک) اور سومترا گرگ (اترپردیش) شامل ہیں۔
این ٹی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 8 لاکھ 70 ہزار امیدواروں نے امتحان کے لئے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا جبکہ 7 لاکھ 69 ہزار نے امتحان لکھا۔407 شہروں میں 588 سنٹرس بنائے گئے تھے۔
ہندوستان کے باہر منامہ (بحرین)‘ دوحہ (قطر)‘ دُبئی(متحدہ عرب امارات)‘ مسقط (عمان)‘ ریاض (سعودی عرب)‘ شارجہ (متحدہ عرب امارات)‘ سنگاپور‘ کویت سٹی‘ کوالالمپور (ملایشیا)‘ لاگوس‘ کولمبو(سری لنکا)‘ جکارتہ (انڈونیشیا)‘ ویانا(آسٹریا)‘ ماسکو(روس)‘ پورٹ لوئی اور بنکاک میں بھی امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔
امتحان 13 زبانوں (آسامی‘ بنگالی‘ انگریزی‘ گجراتی‘ ہندی‘ کنڑا‘ ملیالم‘ مراٹھی‘ اڑیہ‘ پنجابی‘ ٹامل‘ تلگو اور اردو) میں ہوا تھا۔ جے ای ای مین کا دوسرا سیشن 21 جولائی تا 30 جولائی ہوگا۔ دونوں سیشنس کے بعد امیدواروں کے رینک جاری کئے جائیں گے۔