دروپدی مرمو صبح 10.15 بجے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں حلف لیں گی

ملک کی 15ویں منتخب صدر جمہوریہ دروپدی مرمو پیر کو صبح 10.15 بجے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں اپنے عہدے کا حلف لیں گی۔

نئی دہلی: ملک کی 15ویں منتخب صدر جمہوریہ دروپدی مرمو پیر کو صبح 10.15 بجے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں اپنے عہدے کا حلف لیں گی۔

ملک کے چیف جسٹس، جسٹس این وی رمنا، محترمہ مرمو کو حلف دلائیں گے جس کے بعد انہیں اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر رام ناتھ کووند، راجیہ سبھا کے چیئرمین، وزیراعظم، لوک سبھا کے اسپیکر، مرکزی کابینہ کے ارکان، تمام گورنرز، تمام وزرائے اعلیٰ، مختلف ممالک کے سفیر، اراکین پارلیمنٹ، سینئر سویلین اور فوجی افسران موجود ہوں گے۔

حلف برداری کی تقریب سے پہلے سبکدوش ہونے والے صدر مسٹر کووند اور نو منتخب صدر مسز مرمو ایک عظیم الشان روایتی قافلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال پہنچیں گے۔

حلف لینے کے بعد محترمہ مرمو ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی۔ تقریب کے اختتام کے بعد وہ راشٹرپتی بھون کے لیے روانہ ہوں گی جہاں صحن میں پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر سے بشکریہ ملاقات ہوگی۔

محترمہ مرمو گزشتہ پیر کو ہوئے انتخابات کے بعد ملک کی 15ویں صدر جمہوریہ منتخب ہوئی ہیں۔