راجستھان میں بیف جلیٹن والی پاکستانی ٹافیاں ضبط
حکومت راجستھان کے عہدیداروں نے اُدئے پور کی ایک دکان میں بکنے والے میڈ اِن پاکستان ٹافی ضبط کرلئے۔ یہ ٹافی‘ بیف جلیٹن کے بنے ہیں۔
جئے پور: حکومت راجستھان کے عہدیداروں نے اُدئے پور کی ایک دکان میں بکنے والے میڈ اِن پاکستان ٹافی ضبط کرلئے۔ یہ ٹافی‘ بیف جلیٹن کے بنے ہیں۔
کئی لوگوں کی شکایت پر فوڈ انسپکٹر کی قیادت میں ایک ٹیم نے شہر کے دہلی گیٹ اسکوائر علاقہ میں واقع دکان چاکلیٹ اینڈ برتھ ڈے ڈیکوریشن آئیٹمس کی تلاشی لی۔
دکان میں 3 بڑے پیاکٹ پائے گئے۔ 2 بند پیاکٹس میں فی کس 24 ”چلی ملی“ ٹافیاں پائی گئیں جبکہ ایک کھلی پیاکٹ میں 23 ٹافیاں ملیں۔ ٹیم نے ٹافی کا سیمپل (نمونہ) جانچ کے لئے چہارشنبہ کی شام بھیج دیا۔ رپورٹ کا انتظار ہے۔
کہا جاتا ہے کہ اس دکان سے شہر کے دیگر اسٹورس کو بھی مال جاتا ہے۔ 20 روپے قیمت والی ٹافیاں رنگ برنگے پاؤچ میں ہیں اور ان پر میڈ اِن پاکستان لکھا ہے۔
پاؤچ پر پتہ بی اسمعٰیل انڈسٹری لمیٹڈ سی 230 ہائٹ ہب‘ بلوچستان‘ پاکستان لکھا ہے۔ مزید جانکاری اردو میں ہے۔ اس کے علاوہ ٹافی پر ریڈ مارک ہے جو نان ویج آئیٹمس کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
فوڈ انسپکٹر اشوک کمار گپتا نے بتایا کہ شکایت ملنے پر ٹافیاں ضبط کی گئیں کیونکہ اس کے انگریڈینٹس (اجزائے ترکیبی) میں بیف جلیٹن بھی لکھا ہے۔ فوڈ سیفٹی لیاب کے انچارج ڈاکٹر روی سیٹی نے کہا کہ جانچ‘ لیبل کی بنیاد پر ہوگی۔