شبنم اسمائیل انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوش
جنوبی افریقہ کی اسٹار فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے بین الاقوامی کرکٹ سے فوری طورپر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

جمائیکا: جنوبی افریقہ کی اسٹار فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے بین الاقوامی کرکٹ سے فوری طورپر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
تجربہ کار فاسٹ بولر نے کہاکہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گی۔ 34 سالہ دائیں ہاتھ کی تیز گیند باز کا شمار خواتین کرکٹ کی بہترین فاسٹ بولرس میں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے ونڈے کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی اور تمام فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی کھلاڑی کے طورپر اپنے بین الاقوامی کیریر کا خاتمہ کیا۔
شبنم اسماعیل نے اپنے بیان میں کہاکہ 16 سال تک فخر کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کے بعد میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے مشکل فیصلے پر پہنچی ہوں۔ اب میں اپنی زندگی کے اگلے باب کی طرف بڑھوں گی۔
کوئی بھی کھلاڑی جانتا ہے کہ جب تربیت اور مقابلہ کی بات آتی ہے تو اپنے بہترین ہونے کیلئے سمجھوتہ اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں اب اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہوں، خاص طورپر اپنے بہن بھائیوں اور والدین کے ساتھ جو بوڑھے ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں اپنے بین الاقوامی کیریر پر نظر ڈالتی ہوں، تو میں ان تمام مواقع اور تجربات کیلئے شکر گزار ہوں جو میرے راستے میں آئے ہیں۔ مجھے اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنا پسند ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں حیرت انگیز کھلاڑیوں کے گروپ کا حصہ ہوں جنہوں نے خواتین کی کرکٹ کی راہ ہموار کی۔
جو یادیں ہیں وہ ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔ شبنم اسماعیل نے جنوری 2007 میں اپنے بین الاقوامی کیریر کا آغاز کیا اور آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2023 کا فائنل ان کا آخری بین الاقوامی میچ تھا۔
تجربہ کار فاسٹ بولر نے 2007 میں صرف ایک ٹسٹ کھیلا جس انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ 127 ونڈے میچوں میں 191 اور 113 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 123 وکٹیں حاصل کیں۔