مہاراشٹرا

صرف گھر پر ترنگا لہرانے سے کوئی محب وطن نہیں بن جاتا : ادھو ٹھاکرے

مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر ادھوٹھاکرے نے آج بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کی ”ہرگھر ترنگا“ مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف ترنگا لہرانے سے آپ محب وطن نہیں بن جاتے۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر ادھوٹھاکرے نے آج بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کی ”ہرگھر ترنگا“ مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف ترنگا لہرانے سے آپ محب وطن نہیں بن جاتے۔

شیوسینا قائد نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ”آزادی کا امرت مہااتسو“ کا ایک حصہ ہے لیکن ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ 75 سال بعد کتنی جمہوریت باقی بچی ہے۔

ان کے والد بال ٹھاکرے کی جانب سے 1960 میں شروع کئے گئے ایک کارٹون میگزین ”مارمک“ کے 62 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارٹون نگاروں کو ہندوستانی عوام کو ”غلامی کی طرف قدم“ کے خلاف رہنمائی کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج کل ”مائی باپ“ حکومت نے ہر گھر پر قومی پرچم لہرانے کیلئے کہا ہے لیکن ایک کارٹون وائرل ہورہا ہے جس میں ایک غریب شخص یہ کہتا ہوا نظر آرہا ہے کہ میرے پاس ترنگا تو ہے لیکن اسے لہرانے کیلئے گھر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل چینی لوگ اروناچل میں داخل ہورہے ہیں۔اگر ہم اپنے گھروں کے اوپر ترنگالہرائیں تو وہ واپس نہیں جائیں گے۔ ہمارے دلوں میں بھی ترنگا ہونا چاہئے۔

انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلح افواج کے بجٹ میں کٹوتی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا کو ڈی پی بنانا (سوشل میڈیا پر تصویر لگانا) خوشی کی بات ہے لیکن جو لوگ اپنے گھر چھوڑ کر جاتے ہیں اور ملک کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر کھڑے ہوئے ہیں ان کے بجٹ میں کٹوتی کی بات کرنا بدبختانہ ہے۔

اگر آپ فوج میں لوگوں کو کم کریں گے تو پھر آپ ہتھیار کسے دیں گے۔ بی جے پی نے دیگر جماعتوں کے ایسے الزامات کی تردید کی ہے کہ فوج میں مختصر عرصہ کیلئے بھرتی کی اسکیم اگنی پتھ اس وجہ سے شروع کی گئی ہے کیونکہ بجٹ میں کٹوتی کی جارہی ہے۔ ادھو نے کہا ’آپ کے پاس فوج میں بھرتی کیلئے پیسہ نہیں ہے لیکن ریاستی حکومتوں کو گرانے کیلئے پیسہ ہے۔‘