طلبا کو بائبل پڑھانے اور چرچ لے جانے پر پرنسپل کے خلاف کیس
مدھیہ پردیش کے مانڈلا میں طلبہ کو بائبل پڑھانے اور انہیں چرچ لے جانے پر ایک اسکول کے پرنسپل پر الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اس کے ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مانڈلا: مدھیہ پردیش کے مانڈلا میں طلبہ کو بائبل پڑھانے اور انہیں چرچ لے جانے پر ایک اسکول کے پرنسپل پر الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اس کے ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بال کلیان سمیتی کے کارکن یوگیش پراشر کی رپورٹ کی بنیاد پر یہ کیس درج کیا گیا۔ یوگیش اور اس کی ٹیم نے موائی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع گھورے گھاٹ پنچایت علاقے کے سینٹ جوزف اسکول کا دورہ کرنے کے بعد یہ رپورٹ دی تھی۔
ملزمین کی اسکول پرنسپل فادر جی بی سیبسٹین اور ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کنور سنگھ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ سنگھ کو جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا جبکہ سیبسٹین مفرور ہے۔
موائی پولیس اسٹیشن کے انچارج سنتوش سسوڈیا نے کہا کہ ہم نے سنگھ کے ریمانڈ کیلئے درخواست داخل کی ہے لیکن عدالت نے ابھی تک کوئی حکم نہیں دیا ہے۔
بال کلیان سمیتی کے ارکان اوم کار سنگھ اور انوراگ پانڈے نے 4 مارچ کو اسکول کے ہاسٹل کا اچانک دورہ کیا تھا۔ انہوں نے دیکھا کہ طلبہ کو بائبل پڑھائی جارہی ہے اور چرچ لے جایا جارہا ہے۔