لڑکی سے چھیڑ چھاڑ پر ایک شخص کو سخت سزا
اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ملزم‘ گزشتہ تین سالوں سے سلاخوں کے پیچھے ہے مگریہ رحم کرنے کی بنیاد نہیں ہوسکتی۔ سماج کو سخت پیغام دینے ملزم کو سخت سزا دینے کی ضرورت ہے اور غیرضروری ہمدردی کا بھی وہ مستحق نہیں ہے۔
تھانے: تھانے ضلع کی ایک عدالت نے 2018ء میں گنیش وسرجن جلوس کے دوران ساڑھے تین سالہ لڑکی کے اغوا اور دست درازی کے جرم میں ایک شخص کو 5سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
عدالت نے یوپی کے مہاراج گنج کے متوطن اور امبرناتھ ٹاؤن میں رہائش پذیر مجرم35سالہ ونود بھولا کیواٹ پر6ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا۔ کلیان کے ایڈیشنل سیشن جج پی آر اشٹورکر نے یہ فیصلہ 11/ مئی کو صادر کیا جس کی نقل جمعہ کو دستیاب کرائی گئی۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ واردات 23/ ستمبر2018 کی رات اس وقت پیش آئی جب لڑکی کی ماں اسے اور اس کے بھائی بہنوں کو گنیش جلوس دکھانے لے گئی۔ جلوس کے دوران لڑکی اچانک لاپتا ہوگئی۔
اس کی ماں نے اسے ہر جگہ تلاش کیا اور بعد ازاں ایک ویران مقام پر لڑکی کو ملزم کی زانو پر بیٹھا پایا۔وہ لڑکی سے دست درازی کررہا تھا اور لڑکی رورہی تھی۔
اس شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جس نے اس کے خلاف شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا۔
اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ملزم‘ گزشتہ تین سالوں سے سلاخوں کے پیچھے ہے مگریہ رحم کرنے کی بنیاد نہیں ہوسکتی۔ سماج کو سخت پیغام دینے ملزم کو سخت سزا دینے کی ضرورت ہے اور غیرضروری ہمدردی کا بھی وہ مستحق نہیں ہے۔“