منگوڈ کا ضمنی الیکشن، ٹی آر ایس امیدوار کے نام پر تجسس برقرار
ٹی آر ایس قائدین، پارٹی امیدوار کے بارے میں الجھن کا شکار ہیں وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ منگوڈ کے ضمنی الیکشن میں کسی امیدوار کو میدان میں اتارا جائے گا۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈ سے حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے امیدوار کے نام پر تجسس ہنوز برقرار ہے۔ ٹی آر ایس قائدین، پارٹی امیدوار کے بارے میں الجھن کا شکار ہیں وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ منگوڈ کے ضمنی الیکشن میں کسی امیدوار کو میدان میں اتارا جائے گا۔
ٹکٹ کے دعویداروں کی دوڑ میں کئی امیدوار شامل ہیں۔ چونکہ حلقہ میں بی سی رائے دہندوں کی اکثریت ہے اس لئے توقع کی جارہی ہے کہ ٹی آر ایس، طاقتور بی سی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دے گی۔ کانگریس نے آنجہانی ایم ایل اے پالوائی گووردھن ریڈی کی دختر پالوائی سراونتی کو پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، بی جے پی کے امیدوار رہیں گے۔
ٹی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ پارٹی سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو، پارٹی امیدوار کے نام کو قطعیت دے چکے ہیں۔ غالباً امکان ہے کہ ر یڈی طبقہ کے امیدوار کو ہی ٹکٹ دیا جائے گا کیونکہ کانگریس اور بی جے پی کے امیدواروں کا تعلق بھی ریڈی طبقہ سے ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سابق ایم ایل اے، کے پربھاکر ریڈی یا پھر صدرنشین کونسل جی سکھندر ریڈی کو ٹی آر ایس ٹکٹ مل سکتا ہے۔ مگر قوی امکان ہے کہ پر بھاکر ریڈی کو ٹی آر ایس اپنا امیدوار بناسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سروے رپورٹس کے بعد ہی چیف منسٹر کے سی آر، پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے۔