وزیر اعظم مودی کی ٹویٹس کے باعث روزانہ 14ہزار سیاحوں کی ٹیولپ گارڈن کی سیر
وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں وکشمیر کی خوبصورتی کے متعلق ٹویٹس سے سری نگر میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہو رہا ہے۔
سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں وکشمیر کی خوبصورتی کے متعلق ٹویٹس سے سری نگر میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہو رہا ہے۔
ٹیولپ گارڈن کے فلوریکلچر افسر شائق رسول نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کی خوبصورتی کے متعلق ٹویٹس کے بعد باغ میں سیاحوں کا رش مزید بڑھنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ کے مقابلے میں امسال سیاحوں کا رش زیادہ ہے اور گذشتہ بیس دنوں کے دوران 2.65 لاکھ سیاح اس باغ کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 13 سے 14 ہزار سیاح ٹیولپ گارڈن کی سیر کرتے ہیں اور اتوار کو یہ تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب اعلیٰ سطح پر کسی خاص مقصد کے لئے ٹویٹ کیا جاتا ہے تو اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ بھی وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا تھا جس کے سیاحوں کی آمد میں کافی اضافہ درج ہوا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مغربی بنگال، گجرات، اتر پردیش، مہاراشٹریہ اور جنوبی ہند کی ریاستوں سے زائد از دو لاکھ سیاحوں نے باغ گل لالہ کی سیر کی، اس کے علاوہ امسال اب تک غیر ملکی سیاحوں کی ایک اچھی خاصی تعداد بھی ٹیولپ گارڈن آئی ہے۔
عہدیدارنے امید ظاہر کی کہ اگر موسم سازگار رہا تو گزشتہ سال کا 3.60لاکھ کا ریکارڈ بھی امسال ٹوٹ جاے گا۔انہوں نے کہاکہ سیاح شہرہ آفاق جھیل ڈل کے قریب زبرون پہاڑی کے دامن میں ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو کر بہت خوش ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاحوں کا رش تسلی بخش ہے اور خوشگوار موسم کی وجہ سے دن بدن زیادہ سے زیادہ لوگ یہاں کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، "ٹیولپ گارڈن ایک رنگین قالین کی طرح لگتا ہے جس میں پھولوں کا ایک سمندر زبرون پہاڑیوں کی گود میں پھیلا ہوا ہے جو آنے والے سیاحوں کو مسحور کر رہا ہے، جب سیاح باغ میں داخل ہوتے ہیں تو وہ اپنے آپ کو جنت میں محسوس کرتے ہیں "۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 159 غیر ملکی سیاحوں نے ٹیولپ گارڈن کا دورہ کیا تھا اور اس سال اب تک 1400غیر ملکی سیاحوں نے باغ گل لالہ کا دورہ کیا اور اس میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ان کے مطابق وادی کشمیر کی سیر وتفریح پر آنے والے سیاح سب سے پہلے باغ گل لالہ کا دورہ کرنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔
ٹیولپ گارڈن کے ٹائم فریم کے بارے میں، شائق رسول نے کہا کہ باغ کب تک کھلا رہے گا اس کا کوئی مقررہ وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 21واں دن ہے اور اگر موسم سازگار رہا اور درمیان میں بارش ہوئی تو باغ طویل عرصے تک کھلا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اگر درجہ حرارت سازگار رہا اور موسم اچھا رہا تو یہ کم از کم ایک ماہ تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیولپ گارڈن کی مدت جتنی بھی بڑھے گی اس کا ریاست کی معیشت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔