وزیر داخلہ کے کارٹون کے ساتھ”ہندوستان کا سب سے بڑا پپو“ کانعرہ درج
ترنمول کانگریس نے اپنے پارٹی کارکنوں کیلئے ایک ٹی شرٹ ڈیزائن کی ہے جس پراپنے حریف بی جے پی لیڈراور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کاکارٹون بنایا گیاہے۔

کولکتہ: ترنمول کانگریس نے اپنے پارٹی کارکنوں کیلئے ایک ٹی شرٹ ڈیزائن کی ہے جس پراپنے حریف بی جے پی لیڈراور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کاکارٹون بنایا گیاہے۔
امیت شاہ کے کارٹون کے نیچے ”ہندوستان کا سب سے بڑا پپو“تحریر کیاگیا ہے یہ ٹی شرٹ سفید، سیاہ اورزردرنگ میں بنائی گئی ہے۔بی جے پی نے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کامذاق اڑانے کیلئے لفظ”پپو“کا استعمال کیاتھا۔
ممتابنرجی کی ترنمول کانگریس امیت شاہ کامذاق اڑانے اسی لفظ کا استعمال کررہی ہے۔ ترنمول کانگریس جاریہ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں درگاپوجاکے دوران اس ٹی شرٹ کوزیادہ سے زیادہ استعمال کرناچاہتی ہے کیونکہ اس وقت سارے مغربی بنگال میں لوگ کثیرتعدادمیں پنڈال جاتے ہیں۔
ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن نے’پی ٹی آئی‘کوبتایاکہ کسی کامذاق اڑانادوسروں تک اپنا پیام پہونچانے کی سب سے طاقتورشکل ہے۔ہمارے قومی جنرل سکریٹری ابھیشک بنرجی کے ایک تبصرہ سے اس کا آغاز ہوا تھا اوریہ سوشل میڈیاپرایک رجحان بن گیا۔
بعدازاں ٹی شرٹ پربھی اسے دیکھاجانے لگا۔ ابھیشک بنرجی نے2 ستمبرکوکوئلہ اسمگلنگ اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے زائد از7گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے امیت شاہ کو”ہندوستان کا سب سے بڑا پپو“قراردیاتھا۔
اسی دن ابھیشک بنرجی کے رشتہ داروں آکاش بنرجی اورآدتی گائن نے سوشل میڈیاپر اپنی تصاویر پیش کیں جس میں وہ امیت شاہ کے کارٹون والی ٹی شرٹس پہنے ہوئے نظرآرہے ہیں اوراس کے نیچے پپوکانعرہ بھی لکھاہواہے۔ ترنمول کے ذرائع نے بتایاکہ ابھیشک بنرجی‘ نوجوان پارٹی کارکنوں کو ٹی شرٹ کے نئے ڈیزائن کے بارے میں بتارہے ہیں۔
یہ ٹی شرٹ 300روپے فی کس کی معمولی قیمت پرفروخت کی جارہی ہے۔ اوبرائن نے کہاکہ پہلے یہ ٹی شرٹ آن لائن دستیاب تھی۔اب اسے ہول سیل بازاروں سے بھی خریداجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ تین تا چار ڈیزائن دستیاب ہیں اورمزید ڈیزائن درگاپوجا سے پہلے مارکٹ میں لائے جائیں گے۔
ترنمول ایم پی نے پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب اپنی ایک تصویر بھی کھنچوائی ہے جس میں وہ سفید رنگ کی ایسی ہی ٹی شرٹ پہنے ہوئے نظرآرہے ہیں۔